امریکی فوج کا آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی میزائل ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
واشنگٹن،18 مارچ( ہ س)۔امریکی فوج کے اعلان کے مطابق اس نے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی بحری جہاز شکن میزائلوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس مقصد کے لیے امریکی اسلحہ خانے کے طاقت ور ترین بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے۔امریکی س
امریکی فوج کا آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی میزائل ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ


واشنگٹن،18 مارچ( ہ س)۔امریکی فوج کے اعلان کے مطابق اس نے تزویراتی اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی بحری جہاز شکن میزائلوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس مقصد کے لیے امریکی اسلحہ خانے کے طاقت ور ترین بنکر بسٹر بم استعمال کیے گئے۔امریکی سینٹرل کمانڈ نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر ایک بیان میں کہا کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی ساحل پر میزائلوں کے قلعہ بند ٹھکانوں کے خلاف 5000 پونڈ وزنی متعدد بنکر بسٹر گولہ بارود کا کامیابی سے استعمال کیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان مقامات پر موجود ایرانی بحری جہاز شکن کروز میزائل آبنائے میں بین الاقوامی جہاز رانی کے لیے خطرہ تھے۔بعد ازاں امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ بریڈ کوپر نے ایران میں 6 ہزار فضائی پروازیں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ کوپر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارے پاس ایران میں مخصوص اہداف موجود ہیں۔دوسری جانب امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ اپنی کارروائیوں میں ایران کی فوجی اور صنعتی طاقت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ اخبار نے مزید کہا کہ اسرائیل اپنی کارروائیوں کے ذریعے ایرانی نظام کے ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔اسی طرح اسرائیلی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایران کے پاس اپنی تنصیبات کی تباہی کی صورت میں ایک (متبادل) منصوبہ موجود ہے۔ اخبار نے اسرائیلی اندازوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گرتی ہوئی معیشت اور عوامی غصے نے ایرانی نظام کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ امریکہ ابھی ایران میں فوجی آپریشن سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہے، لیکن وہ مستقبل قریب میں نکل جائے گا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں اپنے بیان میں مزید کہا: ہم نے ان کی (ایران کی) فوجی صلاحیتوں کو تباہ کر دیا ہے، ان کی بحریہ ختم ہو چکی ہے، فضائیہ ختم ہو گئی ہے اور اب ان کے پاس کوئی ریڈار یا ایئر ڈیفنس سسٹم باقی نہیں رہا... یہ سب ختم ہو چکا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے قائدین بھی ختم ہو چکے ہیں۔ایران نے منگل کی شام سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ اس سے چند گھنٹے قبل اسرائیل نے ایک فضائی حملے میں لاریجانی کے قتل کا اعلان کیا تھا۔اس کے ساتھ ہی ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔ انھیں اسرائیلی فوج نے تہران کے خلاف امریکہ کے ساتھ مل کر جاری جنگ کے دوران ایک فضائی حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔واضح رہے کہ 28 فروری کو جنگ چھڑنے کے بعد سے اسرائیل اور امریکہ نے تہران میں کئی مقامات پر ہزاروں فضائی حملے کیے ہیں، جن میں میزائل لانچنگ پیڈز، فوجی تنصیبات اور درجنوں ایرانی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ جواب میں ایران نے امریکی مفادات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے زعم میں اسرائیل اور خلیجی ممالک کی جانب سیکڑوں میزائل اور ڈرونز بھیجے ہیں۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande