
ہریانہ میں راجیہ سبھا کی ایک سیٹ بی جے پی اور ایک کانگریس کو ملی
چنڈی گڑھ، 17 مارچ (ہ س)۔ ہریانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں پر ہونے والی پولنگ کے بعد منگل کی علی الصبح تقریباً پونے تین بجے اعلان کردہ نتائج کے مطابق ایک نشست پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے سنجے بھاٹیا اور دوسری نشست پر کانگریس کے کرم ویر بودھ منتخب ہوئے ہیں۔ پیر کو دن بھر جاری رہنے والے ڈرامائی واقعات کے دوران ہونے والی پولنگ کے بعد تقریباً 11 گھنٹے تک ووٹوں کی گنتی پر معرکہ آرائی جاری رہی۔
پیر کی شام چار بجے تک ہونے والی پولنگ کے دوران کل 90 میں سے 88 اراکین اسمبلی نے ووٹ ڈالے۔ انڈین نیشنل لوک دل کے دونوں اراکین اسمبلی ارجن چوٹالہ اور آدتیہ دیوی لال نے ووٹ نہیں ڈالا۔ اراکین اسمبلی کی تعداد کے مطابق بی جے پی کے سنجے بھاٹیا کا پہلے ہی منتخب ہونا طے تھا۔ پیر کی شام پانچ بجے گنتی شروع ہونے سے پہلے بی جے پی نے ٹوہانہ کے رکن اسمبلی پرم ویر سنگھ اور ایلناباد کے رکن اسمبلی بھرت سنگھ بینی وال کے ووٹ پر اعتراض درج کرواتے ہوئے الیکشن کمیشن کو شکایت کی۔ وہیں، کانگریس نے کابینی وزیر انل وج کے ووٹ پر اپنا اعتراض درج کروایا۔ تنازعہ بڑھنے پر رات تقریباً ساڑھے نو بجے کانگریس کا ایک وفد مرکزی الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچا اور شکایت درج کروائی۔
رات تقریباً 11.30 بجے کانگریس کے رکن اسمبلی پرم ویر سنگھ کا ووٹ منسوخ کر دیا گیا جبکہ بھرت سنگھ بینی وال اور انل وج کے ووٹوں کو درست قرار دیا گیا۔ اس کے بعد گنتی کے احکامات جاری ہوئے۔
گنتی کے دوران بھی کئی مواقع ایسے آئے جب کانگریس اور بی جے پی لیڈروں کے درمیان زبردست بحث ہوئی۔ گنتی کے مطابق کانگریس کے 5 اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی، جبکہ کل پانچ ووٹ منسوخ ہو گئے۔ ان میں ایک ووٹ بی جے پی کا بھی تھا۔ اس حساب سے 88 (ڈالے گئے ووٹ) - 5 (منسوخ شدہ ووٹ) = 83 (درست ووٹ) ہوئے، جن کی کل ووٹ ویلیو 8300 تھی۔ اس کے مطابق انتخاب جیتنے کے لیے ایک امیدوار کو 2766.66 کوٹہ ووٹوں کی ضرورت تھی۔
سنجے بھاٹیا کو 2766.66، کرم ویر بودھ کو 2800 اور آزاد امیدوار ستیش ناندل کو 2733.33 ووٹ ویلیو ملی۔ ایسی صورت میں کرم ویر بودھ آزاد امیدوار ستیش ناندل کے مقابلے میں 0.33 ووٹ ویلیو سے جیت گئے۔ انتخابی افسر کی جانب سے ابھی تک سرکاری طور پر جیت کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن