بنگال میں انتخابی اعلان کے بعد انتظامی ردوبدل پر سیاست تیز ہوئی
کولکاتا، 16 مارچ (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے 24 گھنٹے کے اندرریاستی انتظامیہ اور پولیس فورس کے اعلیٰ سطحوں پر کئے گئے ردوبدل پر سیاست گرما گئی ہے ۔ حکمراں آل انڈیا ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ ریاست کے چیف
Wb-Row-over-EC-transfers


کولکاتا، 16 مارچ (ہ س)۔ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے اعلان کے 24 گھنٹے کے اندرریاستی انتظامیہ اور پولیس فورس کے اعلیٰ سطحوں پر کئے گئے ردوبدل پر سیاست گرما گئی ہے ۔ حکمراں آل انڈیا ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ ریاست کے چیف سکریٹری اور ہوم سکریٹری کو ہٹانے کے فیصلے کی سخت تنقید کی ہے۔

اتوار کو بنگال کے انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کے چند گھنٹوں کے اندر، الیکشن کمیشن نے چیف سکریٹری نندنی چکرورتی اور ہوم سکریٹری جگدیش پرساد مینا کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا۔ اس کے بعد کئی دیگر انتظامی تبدیلیاں کی گئیں، جس سے ریاست کے سیاسی گلیاروں میں گرما گرم بحث چھڑ گئی ہے ۔ ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے بھی اس فیصلے پر پارلیمنٹ میں احتجاج کیا۔

پارٹی کے ارکان پارلیمان بشمول ڈیرک اوبرائن، ساگاریکا گھوش اور ندیم الحق نے راجیہ سبھا سے واک آو¿ٹ کیا۔ گھوش نے بعد میں کہا کہ آدھی رات کو ایسا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں ممتا بنرجی کی زیرقیادت منتخب حکومت ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن اپنے اختیارات کا غلط استعمال کر رہا ہے۔

اس دوران ترنمول کانگریس کے لیڈر کنال گھوش نے بھی اس فیصلے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پیر کی صبح صحافیوں سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ یہ تمام تبادلے بی جے پی کے”پینک ریئکشن“کا نتیجہ ہیں۔ ان کے مطابق، بنگال میں بی جے پی کو اپنی ممکنہ شکست کا خدشہ ہو گیا ہے ، اس لئے وہ الیکشن کمیشن کے ذریعے جلد بازی میں فیصلے کروا رہی ہے۔

کنال گھوش نے کہا کہ بی جے پی کا بنگال کے لوگوں سے کوئی حقیقی تعلق نہیں ہے اور پارٹی کو عوامی حمایت نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خواہ کتنی ہی انتظامی تبدیلیاں کی جائیں، لیکن بنگال کے عوام اور وزیر اعلی ممتا بنرجی پر ان کے اعتماد کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔

اس دوران، الیکشن کمیشن نے ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدوں پر بھی تبدیلیاں کی ہیں۔ کمیشن نے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل پیوش پانڈے کو ہٹا کر سدھناتھ گپتا کو نیا ڈی جی پی مقرر کیا ہے۔ کولکاتا پولیس کمشنر سپرتیم سرکار کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ اجے کمار نندا کو تعینات کیا گیا ہے۔

انتخابات کے اعلان کے فوراً بعد ہونے والے ان انتظامی اور پولیس سطح کے ردوبدل نے مغربی بنگال کی سیاست میں ایک نیا تنازعہ کھڑا کر دیا ہے اور حکمراں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان الزام تراشی کا کھیل تیز ہو گیا ہے۔

ہندوستھا ن سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande