ایس سی بی میڈیکل کالج، کٹک کے آئی سی یو میں لگی آگ، 10 مریض ہلاک؛ عدالتی تحقیقات کا حکم
وزیر اعظم کا کٹک کے اسپتال میں آتشزدگی پر دکھ کا اظہار؛ نریندر مودی نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ بھونیشور، 16 مارچ (ہ س) اڈیشہ کے کٹک میں واقع سری رام چندر بھنج میڈیکل کالج اور اسپتال کے ٹراما کیئر انتہائی نگہداشت یو
آگ


وزیر اعظم کا کٹک کے اسپتال میں آتشزدگی پر دکھ کا اظہار؛ نریندر مودی نے وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔

بھونیشور، 16 مارچ (ہ س) اڈیشہ کے کٹک میں واقع سری رام چندر بھنج میڈیکل کالج اور اسپتال کے ٹراما کیئر انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں پیر کی صبح آگ لگنے سے کم از کم 10 مریضوں کی موت ہوگئی۔ حادثے سے اسپتال میں خوف وہراس پھیل گیا، تشویشناک مریضوں کو فوری طور پر دوسرے وارڈز میں منتقل کردیا گیا۔

آگ صبح 2:30 سے 3:00 بجے کے درمیان ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی پہلی منزل پر واقع ٹراما انتہائی نگہداشت یونٹ میں لگی، جہاں اس وقت 23 مریض داخل تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے تاہم سرکاری تصدیق تحقیقات کے بعد آئے گی۔ فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

مرنے والوں کی شناخت رمیش پریڈا، دشارو منڈا، ایم ڈی نیوم، گورانگ باریک، ایس کے عبدالستار، مدھوسودن دلائی، کرشن چندر بسوال، رویندر داس، چارو پریڈا اور میناکا راوت کے طور پر ہوئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر مریضوں کو بحفاظت اسپتال کے مختلف شعبوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔

اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، وزیر صحت مکیش مہالنگ کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اسپتال پہنچے۔

دونوں رہنماو¿ں نے اسپتال کے متاثرہ علاقے کا معائنہ کیا اور دیگر وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کرکے تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن حکومتی مدد کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ منتقل کئے گئے تمام مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کے علاج میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس تحقیقات میں اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ آیا اسپتال کے فائر سیفٹی سسٹم میں کوئی خامی تو نہیں تھی۔

وزیر اعلیٰ نے ڈائریکٹر جنرل فائر سروسز کو ہدایت کی کہ وہ ایس سی بی میڈیکل کالج میں فائر سیفٹی کے انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسپتال کو جلد از جلد مکمل طور پر فائر کمپلائنٹ بنایا جائے۔

ریاستی حکومت نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر مرنے والے کے لواحقین کو 25 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا دی جائے گی۔

انہوں نے محکمہ صحت اور اسپتال انتظامیہ کو زخمیوں اور دوسرے شفٹ ہونے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی اڈیشہ کے تمام اسپتالوں کو فائر سیفٹی سسٹم کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی ہے۔ موجودہ بجٹ میں 320 کروڑ کا انتظام کیا گیا ہے، اور اس پر کام جاری ہے۔ فائر سیفٹی انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں 400 کروڑ روپے اضافی دینے کا منصوبہ ہے۔

اس واقعہ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی سے فون پر بات کر کے حالات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے انہیں ریاستی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات، مریضوں کی منتقلی اور انہیں فراہم کی جا رہی خصوصی طبی سہولیات کے بارے میں بتایا۔

وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کے حکم سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کے دفتر نے بھی اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی تکلیف دہ ہے اور انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا، جن لوگوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے، میں ان سے تعزیت کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔

انہوں نے وزیراعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے ہر مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 50،ہزار روپے کے ساتھ مالی امداد کا بھی اعلان کیا۔

حکام نے بتایا کہ محکمہ صحت، فائر سروس اور مقامی انتظامیہ سمیت مختلف محکمے صورتحال کو سنبھالنے اور متاثرہ مریضوں کو ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے کوآرڈینیشن میں کام کر رہے ہیں۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande