
بلیا، 16 مارچ (ہ س)۔
اترپردیش کے بلیا ضلع کے گڑوار تھانہ علاقے کے تحت چلکہر بازار میں واقع ایک کریانہ کی دکان میں پیر کی صبح تقریباً 2 بجے لگنے والی زبردست آگ میں ماں اور بیٹا زندہ جل گئے، جب کہ شوہر نے جان بچانے کے لیے اوپری منزل سے چھلانگ لگا دی جس سے وہ زخمی ہو گیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں پیر کی صبح تقریباً 3:30 بجے جائے وقوعہ پر پہنچیں اور گاو¿ں والوں کی مدد سے کافی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔
پیر کی صبح پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ نیرج چورسیا چلکھر بازار میں ہول سیل گروسری اسٹور چلاتے ہیں۔ انکا خاندان دکان کے اوپر رہتا تھا۔ پیر کی صبح تقریباً 2 بجے دکان میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر آگ لگ گئی۔ آگ نے تیزی سے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ فرار ہونے کا کوئی اور راستہ نہ ہونے کے باعث نیرج چورسیا کی بیوی رنکی چورسیا (25) اور پانچ سالہ بیٹا دھیرج آگ میں پھنس کر دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔ نیرج چورسیا نے بچنے کے لیے چھت سے چھلانگ لگائی لیکن اس کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ اسے علاج کے لیے بلیا کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اوم ویر سنگھ نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر تعینات ہیں۔ دھواں اب بھی اٹھ رہا ہے۔ نیرج کے والد، جو ایک کرانہ کے تاجر ہیں، کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ