
تہران،15مارچ(ہ س)۔ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نے اتوار کے روز اطلاع دی ہے کہ شمال مغربی ایران میں 20 افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔خبر کے مطابق صوبہ مغربی آذربائیجان کے پراسیکیوٹر آفس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کو اسرائیل کے ساتھ تعاون کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔بیان میں بتایا گیا کہ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے ایران کے فوجی اور سکیورٹی تنصیبات کے مقامات کی تفصیلات اسرائیل کو فراہم کیں۔دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز نے گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوجی حکمت عملی سے واقف ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر اپنے حملوں کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کیا ہے، جس میں زمینی مخبروں سے حاصل معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف وسیع فوجی کارروائی شروع کی تھی۔وائٹ ہاوس کے مطابق یہ حملہ ایران کی جانب سے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات کے جواب میں کیا گیا۔امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران کے اعلیٰ درجے کے کئی رہنما ہلاک ہوئے، جن میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای بھی شامل تھے۔اس کے جواب میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے وسیع جوابی کارروائی کا اعلان کیا، جس میں اسرائیلی اہداف کی جانب میزائل اور ڈرون داغنے کے ساتھ ساتھ خطے کے کئی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan