
لندن (برطانیہ)، 15 مارچ (ہ س)۔
آرسنل کے نوجوان ونگر میکس ڈومین نے پریمیئر لیگ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ ڈومین نے ہفتہ کو ایورٹن کے خلاف آرسنل کی 2-0 سے جیت کے دوران اسٹاپیج ٹائم میں گول کرکے یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
16 سال 73 دن کی عمر میں گول کرنے والے ڈومین نے ایورٹن کے سابق اسٹرائیکر جیمز وان کا 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ وان نے 2005 میں کرسٹل پیلس کے خلاف 16 سال اور 270 دن کی عمر میں گول کیا تھا۔ اب، ڈومین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں گول کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میچ کے آخری لمحات میں آنے والے اس گول نے آرسنل کی فتح پر مہر ثبت کر دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم نے لیگ ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر اپنی گرفت مزید مضبوط کر لی ہے۔ نوجوان کھلاڑی کی کارکردگی نے کلب کے کھلاڑیوں، عملے اور تماشائیوں کو بے حد پرجوش کردیا۔
میچ کے بعد، آرسنل کے منیجر میکل آرٹیٹا نے ڈومین کی بھرپور تعریف کی، اور اسے کلب اور کھلاڑی دونوں کے لیے ایک بہت ہی خاص لمحہ قرار دیا۔
آرٹیٹا نے کہا، یہ ایک شاندار لمحہ تھا۔ تمام کھلاڑی اور تماشائی بہت خوش تھے۔ یہ ایک خوبصورت دن ہے۔ اتنی کم عمر میں، اتنے دباو¿ اور توقعات کے تحت اس طرح کا مظاہرہ کرنا آسان نہیں ہے۔
جب آرٹیٹا سے پوچھا گیا کہ اس نے ڈومین کو میدان میں بھیجنے سے پہلے کیا کہا، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، میں نے اسے کہا کہ جاو¿، اپنا کھیل کھیلو، اور ہمیں میچ جیتاو¿
ڈومین کے گول کو نہ صرف ان کے کیریئر کے شاندار آغاز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے بلکہ آرسنل کے مستقبل کے لیے ایک بڑی امید کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ فٹ بال ماہرین کا خیال ہے کہ اتنی کم عمر میں اتنا اعتماد اور کارکردگی انہیں مستقبل میں پریمیئر لیگ کا ایک بڑا اسٹار بنا سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ