
جے پور، 14 مارچ (ہ س)۔ راجستھان کے کئی شہروں میں جمعہ کو مطلع ابر آلود ہونے سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ چورو، الور، کوٹا اور پیلانی سمیت کئی شہروں میں پارہ چار ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ شیخاوٹی علاقے میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے نیچے ریکارڈ کیا گیا، جس سے لوگوں کو شدید گرمی سے راحت ملی۔
موسمیاتی مرکز، جے پور نے 14 مارچ کو پانچ اضلاع میں ابر آلود آسمان، دھول بھری ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ 15 مارچ کو 18 اضلاع میں آندھی اور بوندا باندی متوقع ہے۔
ریاست کے کئی اضلاع بشمول بیکانیر، سری گنگا نگر، ہنومان گڑھ، چورو، سیکر، جھنجھنو، جے پور، ناگور اور الور میں جمعہ کی دوپہر سے بادل چھائے رہے۔ چورو، سیکر اور جھنجھنو سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے نیچے گر گیا۔
ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت باڑمیر میں 39.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جودھپور میں 38.1 ڈگری سیلسیس، پالی میں 38.2 ڈگری سیلسیس، کوٹا اور چتوڑ گڑھ میں 37.6 ڈگری سیلسیس، بنستھلی (ٹونک) میں 37.2 ڈگری سیلسیس، بھیلواڑہ اور اجمیر میں 36 ڈگری سیلسیس، ادے پور اور جیسلمیر میں 36.4 ڈگری سیلسیس ، باراں اور جالور میں 36.5 ڈگری سیلسیس، پرتاپ گڑھ میں 36.3 ڈگری سیلسیس، سیروہی میں 35.6 ڈگری سیلسیس اور بیکانیر میں35 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا۔
دو دن ابر آلود موسم ہونے کی وجہ سے شیخاوٹی کے تمام شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہا۔ جھنجھنو میں 32.6 ڈگری، سیکر میں 32.7 ڈگری، پیلانی میں 34.2 ڈگری، سری گنگا نگر میں 33.3 ڈگری اور ہنومان گڑھ میں 30.2 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ جے پور میں بھی پچھلے دو دنوں میں درجہ حرارت میں قدرے کمی آئی ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.4 ڈگری سیلسیس رہا اور آسمان دوپہر سے شام تک ابر آلود رہا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کا سب سے زیادہ درجہ حرارت کوٹا میں 39.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جب کہ سب سے کم درجہ حرارت انتا (باراں) میں 13.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کے اثر کی وجہ سے سری گنگا نگر، ہنومان گڑھ، چورو اور شیخاوٹی خطہ کے کچھ اضلاع میں 14 مارچ کو موسم بدل سکتا ہے۔ اس دوران کہیں کہیں گرج چمک، تیز ہوائیں (30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ) اور کچھ مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، 15 مارچ کو اجمیر، جے پور، اور بھرت پور ڈویژن کے اضلاع کے ساتھ ساتھ شیخاوٹی خطہ، سری گنگا نگر اور ہنومان گڑھ اضلاع میں ہلکی گرج چمک اور بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، 19 اور 21 مارچ کے درمیان ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس کے فعال ہونے کا امکان ہے۔ اس کی وجہ سے ریاست کے کچھ حصوں میں پھر سے گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ راجستھان کے بیشتر حصوں میں اگلے ایک ہفتے تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے نیچے رہے گا، جس سے اس وقت تک چلچلاتی گرمی اور ہیٹ ویو سے راحت ملنے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد