
امپھال، 14 مارچ (ہ س)۔ منی پور میں مسلسل عسکریت پسندوں کے خلاف پولیس اور سیکورٹی فورسز کی مہم جاری ہے۔ وہیں اسلحہ کی برآمدگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی تسلسل میں مختلف تنظیموں سے وابستہ کل پانچ عسکریت پسندوں کو ریاست کے مختلف حصوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
منی پور پولیس ہیڈ کوارٹر سے آج جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو سیکورٹی فورسز نے تھانگل بازار سے ممنوعہ تنظیم کے سی پی (اپونبا) کے ایک سرگرم کیڈر موئیرانگتھیم ہیمبا سنگھ (26) عرف لائبہ (پنگدونگبام مائی لئی کائی، امپھال مشرقی ضلع) کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وہیں، منی پور پولیس نے نیو چیکون علاقے سے یو این ایل ایف (پی) تنظیم کے چار سرگرم کیڈروں کو گرفتار کیا، جو وادی کے علاقے میں واقع اسکولوں اور کالجوں سے بھتہ وصولنے میں ملوث تھے۔ ان کی شناخت کوئیجم سندر میتئی (29)، تھانگجم سورج سنگھ (27) عرف لکھوئی، سنجرامبم روی سنگھ (30) اور نینگومبم نیپون میتئی (30) کے طور پر کی گئی ہے۔
عسکریت پسندوں کے پاس سے ایک 7.62 پستول، جس میں 7 راونڈ والی ایک میگزین اور ایک ہولسٹر، ایک 32. پستول، جس میں 10 راونڈ والی ایک میگزین، ایک مہندرا اسکارپیو، 2 لاکھ 60 ہزار روپے کی نقدی، چھ موبائل ہینڈ سیٹ، دو اسلحہ لائسنس (جن کے نقلی ہونے کا شبہ ہے)، دو والٹ، تین آدھار کارڈ، ایک ڈائری، جس میں یو این ایل ایف (پی) تنظیم کے لیے اسکولوں سے بھتہ وصولنے کی فہرست درج ہے، وغیرہ برآمد کیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ سیکورٹی فورسز تشدد سے متاثرہ مختلف اضلاع کے سرحدی اور حساس علاقوں میں تلاشی مہم اور علاقے پر اپنا دبدبہ برقرار رکھنے کے لیے مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔
منی پور کے الگ الگ اضلاع میں، چاہے وہ پہاڑی علاقے ہوں یا وادی، گزشتہ جمعہ کو کل 116 ناکے اور چیک پوائنٹ لگائے گئے تھے۔ تاہم، کسی کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا۔
دوسری جانب قومی شاہراہ-37 پر ضروری سامان لے جا رہے 50 گاڑیوں کی نقل و حرکت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ تمام حساس جگہوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی محفوظ اور بلا روک ٹوک نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے حساس راستوں پر سیکورٹی قافلہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن