
کینڈی، یکم مارچ (ہ س) سنتھ جے سوریا نے 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے سے باہر ہونے کے بعد سری لنکن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جے سوریا نے ہفتے کی رات سری لنکا کو پاکستان کے خلاف پانچ رنز کی شکست کے بعد اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔
جے سوریا نے میچ کے بعد کہا، میں نے سوچا کہ مجھے ذمہ داری کسی اور کو سونپ دینی چاہیے۔ دو ماہ قبل انگلینڈ کی سیریز کے دوران میں نے اشارہ دیا تھا کہ میں اس عہدے پر برقرار رہنے کا ارادہ نہیں کر رہا ہوں۔ میں نے ورلڈ کپ کے بعد اچھے نوٹ پر رخصت ہونے کا ارادہ کیا تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ مجھے افسوس ہے۔
اگرچہ ان کا معاہدہ جون 2026 تک چلتا ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا وہ افغانستان کے خلاف 13 سے 25 مارچ تک کھیلی جانے والی محدود اوورز کی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے یا نہیں۔انھوں نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ساتھ ابھی تک باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی، تاہم وہ جلد ہی اس معاملے پر بات کریں گے۔
جے سوریا، جو جولائی 2024 سے ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، کا دور ہنگامہ خیز رہا ہے۔ ان کی قیادت میں سری لنکا نے بھارت کے خلاف اپنے گھر پر تاریخی ون ڈے سیریز جیتی اور انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ بھی جیتا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں ٹیم ون ڈے رینکنگ میں چوتھے، ٹیسٹ ٹیم میں چھٹے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچی۔ اس عرصے کے دوران، ٹیم کی مجموعی جیت کا تناسب تقریباً 50 فیصد تھا۔
تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن انجام کے حوالے سے جے سوریا نے اعتراف کیا کہ ٹیم سے بہتر کارکردگی کی توقع ہے۔ سری لنکا نے گروپ مرحلے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر مضبوط آغاز کیا تھا لیکن پھر اسے لگاتار چار میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جن میں سپر ایٹ کے تین میچ بھی شامل تھے۔
جے سوریا نے مزید کہا کہ ٹیم کو بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مسلسل بہتر کارکردگی اور دباؤ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ان شائقین سے معافی مانگی جو بڑی تعداد میں ان کی حمایت کے لیے آئے تھے اور کہا کہ کرکٹ ملک کا سب سے بڑا کھیل ہے اور تماشائیوں کے جذبات کو سمجھنا ٹیم کی ذمہ داری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد