
نئی دہلی، 28 فروری (ہ س)۔
زرعی اور پراسیسڈ فوڈ پروڈکٹس ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے پیڈا) نے حکومت سکم اور آئی ایف او اے ای ،آر گینکس ایشیا کے تعاون سے 27-28فروری کو گنگٹو میں سکم آرگینک کانکلیو و بین الاقوای خرید و فروخت کانفرنس کا انعقاد کیا۔ دو روزہ ایونٹ کا مقصد سکم کی مصدقہ آرگینک مصنوعات کے لیے بین الاقوامی مارکیٹ کو وسعت دینا اور ریاست کے برآمدی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا تھا۔
تجارت اور صنعت کی وزارت نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا کہ کانفرنس کے دوران سکم کی آرگینک مصنوعات کی سپلائی چین، معیار اور برآمدی تیاری کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ بھی جاری کی گئی۔ اس اقدام کو ریاست کے آرگینک کسانوں اور پروڈیوسر تنظیموں کو عالمی خریداروں سے براہ راست جوڑنے کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جاتا ہے۔
کانفرنس میں نمایاں بین الاقوامی شرکت دیکھنے میں آئی۔ جنوبی کوریا، متحدہ عرب امارات، منگولیا، سعودی عرب، عمان، سنگاپور، ناروے، کویت اور برطانیہ سمیت 17 ممالک سے تقریباً 40 غیر ملکی خریداروں نے شرکت کی۔ وہیں این سی ای ایل ،بیسلیا آرگینکس ،فلیکس فوڈس اور نیکسٹن سیت تقریبا 20 سرکردہ ہندوستانی برآمد کنندگان نے سکم سے تقریباً 100 کسان پروڈیوسر تنظیموں کے ساتھ خریدار و فروخت کار میٹنگوں میں حصہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ سکم 2016 میں ہندوستان کی پہلی مکمل طور پر نامیاتی ریاست بن گئی، جس نے اپنی مصنوعات کو اے پی ای ڈی اے کے برآمدی سرٹیفیکیشن سسٹم کے تحت خصوصی پہچان حاصل کی۔ ریاست کو 2018 میں اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن کی طرف سے نامیاتی زراعت میں اس کے اہم کردار کے لیے فیوچر پالیسی گولڈ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ