
زمبابوے پر ملی جیت کے بعد، کپتان سوریہ کمار نے کہا-گیند بازی میں مزید کلینیکل ہونا ہوگا
چنئی، 27 فروری (ہ س)۔ آئی سی سی ٹی 20 عالمی کپ سپر 8 مرحلے کے اپنے دوسرے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے جمعرات کو زمبابوے پر 72 رنوں کی شاندار جیت درج کی۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 4 وکٹ پر 256 رن بنائے۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ اووروں میں 6 وکٹ پر 184 رن ہی بنا سکی۔
میچ کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو نے ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے لیگ مرحلے اور پچھلے مقابلے کی باتوں کو پیچھے چھوڑ کر نئے ازسرنو شروعات کی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے سوچا کہ جو بھی لیگ مرحلے میں ہوا یا پچھلے میچ میں ہوا، اسے پیچھے چھوڑ دیں۔ ہمارے ویڈیو تجزیہ کار نے سال بھر کی کارکردگی کی ایک سلائیڈ تمام بلے بازوں اور گیند بازوں کے لیے تیار کی تھی۔ ہم نے اسے دیکھا اور اس سے کافی مثبت توانائی ملی۔ یہاں آنے کے بعد ٹاپ آرڈر سے لے کر نمبر سات تک تمام بلے بازوں کا تعاون دیکھنا دل کو سکون دینے والا تھا۔‘‘
حالانکہ کپتان نے تسلیم کیا کہ گیند بازی میں ابھی بہتری کی گنجائش ہے۔ انہوں نے صاف کہا، ’’اگر ایمانداری سے کہوں تو ہم گیند سے تھوڑا اور کلینیکل ہو سکتے تھے۔ لیکن دن کے اختتام پر جیت، جیت ہوتی ہے۔ آگے بڑھتے ہوئے ہم اپنی خامیوں پر کام کریں گے اور جب ویسٹ انڈیز کے خلاف اتریں گے تو اپنی حکمت عملی مزید مضبوط کریں گے۔‘‘
سوریا کمار یادو نے زمبابوے کے بلے بازوں کی بھی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں زمبابوے کے بلے بازوں سے کوئی کریڈٹ نہیں چھیننا چاہتا۔ انہوں نے بہترین بلے بازی کی۔ پچ اچھی تھی، لیکن انہوں نے پاور پلے میں وقت لیا اور بعد میں سمجھداری سے کھیلا۔ انہیں بھی پورا کریڈٹ جاتا ہے۔ حالانکہ گیند بازی کے نظریے سے ہمیں کچھ مواقع پر بہتر متبادل چننے چاہیے تھے۔‘‘
آئندہ مقابلے کو لے کر کپتان نے اشارہ دیا کہ ٹیم کو جرات مندانہ فیصلے لینے ہوں گے۔ انہوں نے کہا، ’’ایسے حالات میں ہمیں مزید جرات مند بننا ہوگا اور مثبت راستہ ہی اپنانا ہوگا۔ کولکاتہ پہنچنے کے بعد ہم بیٹھ کر ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے کی حکمت عملی بنائیں گے۔ فی الحال کل آرام کا دن ہے، پھر سفر کریں گے اور خود کو تروتازہ رکھیں گے۔‘‘
اب سب کی نظریں ویسٹ انڈیز کے خلاف یکم مارچ کو ہونے والے اگلے اہم مقابلے پر ٹکی ہیں، جہاں ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ برقرار رکھنے کے ارادے سے اترے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن