
ایسٹ بنگال اور جمشید پور مسلسل تیسری جیت کی تلاش میں، پنجاب کی نظر بنگلورو کے خلاف واپسی پر
کولکاتا/بنگلورو، 27 فروری (ہ س)۔ ایسٹ بنگال ایف سی آج شام کولکاتا کے وویکانند یووا بھارتی کریڑانگن میں انڈین سپر لیگ 26-2025 سیزن کے میچ 16 میں جمشید پور ایف سی سے مقابلے کرے گی۔ مقابلے کی شروعات ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5 بجے ہوگی۔ جبکہ دوسرے میچ میں بنگلورو ایف سی، بنگلورو واقع شری کانتی روا اسٹیڈیم میں پنجاب ایف سی کی میزبانی کرے گا۔ اس میچ کی شروعات شام 7.30 بجے ہوگی۔
ایسٹ بنگال ایف سی اپنے پچھلے مقابلے میں اسپورٹنگ کلب دہلی پر 1-4 کی شاندار جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ ایڈمنڈ لالرندیکا، میگیل فگویرا اور یوسف ایجیجاری (دو گول) کی بدولت ریڈ اینڈ گولڈ بریگیڈ نے آسان جیت درج کی۔ دونوں ٹیموں نے اپنے شروعاتی دو مقابلوں میں چھ-چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ ایسے میں اس مقابلے کی فاتح ٹیم عارضی طور پر پوائنٹس ٹیبل میں پہلا مقام حاصل کر لے گی۔
ہوم گراونڈ پر جیت کی لے برقرار رکھنے کی ضرورت پر ایسٹ بنگال ایف سی کے ہیڈ کوچ آسکر بروزون نے کہا، ’’ہمارا سب سے اہم ہدف تین پوائنٹس حاصل کرنا ہے، لیکن ہم یہ اپنے کھیل کی پہچان اور اعلیٰ سطح کی کارکردگی کے ساتھ کریں گے۔ جمشید پور ٹرانزیشن میں مضبوط ہے، سیٹ پیس پر خطرناک ہے اور بے حد منظم ٹیم ہے، اس لیے ہمیں پورے 90 منٹ تک توجہ مرکوز اور نظم و ضبط کے ساتھ رہنا ہوگا۔‘‘
مڈ فیلڈر ساول کریسپو نے کہا، ’’وہ ایک مضبوط ٹیم ہیں۔ ہم ان کے کچھ کھلاڑیوں اور ان کی کوالٹی کو جانتے ہیں۔ ان کے کوچ سے بھی واقف ہیں۔ یہ مشکل مقابلہ ہوگا، لیکن اس سیزن میں ہم ایک ٹیم کے طور پر پراعتماد ہیں۔ ہم نے شاندار شروعات کی ہے اور گھریلو شائقین کی حمایت سے اسی لے کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔‘‘
جمشید پور ایف سی فی الحال چھ پوائنٹس کے ساتھ گول ڈیفرنس کی بنیاد پر چوتھے مقام پر ہے۔ ’مین آف اسٹیل‘ نے اپنے پچھلے مقابلے میں پنجاب ایف سی کو 0-1 سے ہرایا تھا، جس میں ونسی باریٹو نے 78ویں منٹ میں فیصلہ کن گول کیا۔ ٹیم نے لگاتار دوسری کلین شیٹ درج کی اور اب وہ اپنی مضبوط دفاعی تنظیمی صلاحیت کو برقرار رکھتے ہوئے جارحانہ شروعات کرنے والی ایسٹ بنگال ٹیم کا سامنا کریں گے۔
ایسٹ بنگال کی گھریلو حمایت کا اعتراف کرتے ہوئے جمشید پور ایف سی کے ہیڈ کوچ اوون کوئل نے کہا، ’’کولکاتا میں ایسٹ بنگال کے خلاف یہ بڑا مقابلہ ہے۔ وہ شاندار تاریخ اور اس سیزن میں بھاری سرمایہ کاری والی ٹیم ہیں۔ آسکر بروزون میرے اچھے دوست اور بہترین کوچ ہیں، لیکن میچ کے دوران ہم دونوں جیت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کے پاس مضبوط ہندوستانی بین الاقوامی کھلاڑی اور باصلاحیت غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔ ہمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’ہمیشہ تین چار گول کرنا ضروری نہیں ہوتا؛ نظم و ضبط، کڑی محنت اور نتائج حاصل کرنا اہم ہے۔ دو میچوں میں چھ پوائنٹس اور دو کلین شیٹ اس ٹیم کے کردار کو ظاہر کرتی ہیں۔‘‘ مڈ فیلڈر پرنوئے ہلدر نے کہا، ’’ڈریسنگ روم کا مورال بہت اونچا ہے۔ ہم ایک دوسرے اور اپنے کوچنگ اسٹاف پر بھروسہ کرتے ہیں۔ اگر ہم اسی ذہنیت اور لڑاکو پن کے ساتھ آگے بڑھتے رہے، تو اس سیزن کچھ خاص حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘
ایسٹ بنگال جہاں ہوم گراونڈ پر کھیل کی رفتار کو کنٹرول کرنا چاہے گی، وہیں جمشید پور کمپیکٹ رہتے ہوئے ٹرانزیشن کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔ تین اہم پوائنٹس کی دوڑ اس مقابلے کو سنسنی خیز بنائے گی۔
بنگلورو ایف سی اپنے ہوم گراونڈ پر نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی کے خلاف 1-1 کی برابری کے بعد جیت کی راہ پر لوٹنا چاہے گا۔ برائن سانچیز نے 20ویں منٹ میں برتری دلائی تھی، لیکن لالرنزوالا لال بیاکنیا کے شاندار گول سے مقابلہ برابری پر ختم ہوا۔ ہیڈ کوچ رینیڈی سنگھ نے کہا، ’’ہمیں گیند پر زیادہ کنٹرول رکھنا ہوگا اور فائنل تھرڈ میں زیادہ مواقع بنانے ہوں گے۔ اگر ہم دفاعی طور پر تسلسل رکھیں اور 90 منٹ تک شدت برقرار رکھیں، تو جیت کے قریب پہنچیں گے۔‘‘
مڈ فیلڈر لال ریمتلوانگا فنائی نے کہا، ’’کوچ کے اسٹائل کے مطابق شدت اعلیٰ سطح کی ہونی چاہیے۔ میرا کام ڈیفنس میں مدد کرنا اور اٹیک کی شروعات کرنا ہے۔ میں اس دوہرے کردار سے لطف اندوز ہو رہا ہوں اور مشکل حالات میں ساتھیوں کی بھرپور حمایت ملتی ہے۔‘‘
پنجاب ایف سی کو اپنے پہلے میچ میں جمشید پور کے خلاف 0-1 کی ہار جھیلنی پڑی تھی۔ حالانکہ ٹیم نے طویل عرصے تک مضبوطی سے مقابلہ کیا اور آخر میں دیر سے گول کھایا۔ پنجاب کو اے آئی ایف ایف سپر کپ کے گروپ مرحلے میں بنگلورو پر ملی جیت سے خود اعتمادی ملے گی۔ ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ میں بھی پنجاب کا پلڑا بھاری ہے-انہوں نے دو میچ جیتے ہیں اور ایک ڈرا کھیلا ہے، جبکہ بنگلورو کے نام ایک جیت ہے۔
ہیڈ کوچ پاناگیوٹیس ڈیلمپیریس نے کہا، ’’بنگلورو اس سیزن نئے ہندوستانی کوچ کے ساتھ الگ اسٹائل میں کھیل رہی ہے۔ وہ جارحانہ اور دفاعی دونوں روپ میں ڈھل سکتے ہیں۔ لیکن ہمیں اپنے کھیل کی رفتار اور پہچان پر توجہ دینی ہوگی۔ صبر اور محنت کے ساتھ ہم ہر میچ میں مضبوط ہوتے جائیں گے۔‘‘
کپتان دانی رامیرز نے کہا، ’’یہ چھوٹا لیگ فارمیٹ ہے اور ہم زیادہ غلطیوں کی گنجائش نہیں رکھ سکتے۔ لیکن یہی اسے سنسنی خیز بناتا ہے۔ اگر ہم لگاتار جیت کی لے پکڑ لیں، تو پوائنٹس ٹیبل میں تیزی سے اوپر پہنچ سکتے ہیں۔ ہم پرسکون، پراعتماد اور متحد ہیں اور چمپئن بننے کے لیے لڑنے کو تیار ہیں۔‘‘
بنگلورو ایف سی ہوم گراونڈ پر دبدبہ بنانے اور گول کے سامنے زیادہ موثر بننے کی کوشش کرے گا، جبکہ شیر (پنجاب ایف سی) منظم کھیل کے ساتھ اپنی حکمت عملی کو درست انداز میں نافذ کرنے کی کوشش کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن