
سون بھدر، 23 فروری (ہ س) اتر پردیش کے سون بھدر ضلع کے میور پور پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں واقع کیروانی گاو¿ں میں پیر کی صبح زمین کا ایک ٹیلہ گرنے سے تین خواتین ملبے تلے دب گئیں۔ دو خواتین زخمی ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ابھیشیک ورما نے کہا کہ کچھ خواتین ہولی سے پہلے اپنے کچے مکانوں کو سفید کرنے کے لیے سفید مٹی جمع کرنے گئی تھیں۔ ایک ٹیلے کے قریب کھدائی کرتے ہوئے اچانک ٹیلہ گر گیا جس سے خواتین دب گئیں۔ یہ سن کر گاو¿ں والے جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے جے سی بی اور دیگر لوگوں کی مدد سے خواتین کو ملبے سے نکالا اور میور پور سی ایچ سی لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے ان میں سے تین کو مردہ قرار دیدیا۔ باقی دو کا علاج جاری ہے۔
ایس پی ورما نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت صدیق النسا (30) بیوی کمر الدین، انیسہ خاتون (20) بیوی معراج اور سیتا (28) بیوی دیوبرن کے طور پر ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے۔ مٹی تلے کسی کے دبے ہونے کا اب کوئی امکان نہیں۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر ضروری کارروائی کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی