
نئی دہلی، 21 فروری (ہ س)۔ ہندوستان اور برازیل نے اسٹیل سپلائی چین کو مضبوط اور محفوظ بنانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔حکومت ہند کی اسٹیل کی وزارت اور جمہوریہ برازیل کی کانوں اور توانائی کی وزارت نے ہفتہ کو اسٹیل کے شعبے کے لیے ضروری کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
اسٹیل کی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا کی موجودگی میں حیدرآباد ہاو¿س میں اس معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدہ ا سٹیل کی ویلیو چین میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک ادارہ جاتی فریم ورک فراہم کرتا ہے، جس میں اسٹیل کی پیداوار کے لیے درکار اہم خام مال کی قابل اعتماد اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
یہ تعاون درج ذیل نکات پر مرکوزہوگا:-
اسٹیل کے شعبے میں تلاش، کان کنی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا، معدنیات کی پروسیسنگ اور ری سائیکلنگ کے لیے ٹیکنالوجی، تلاش اور کان کنی میں آٹومیشن اور جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال، تلاش کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے جیولوجیکل ڈیٹا کے تجزیہ میں مصنوعی ذہانت کا استعمال اور کانوں کی کھدائی ،پروسیسنگ اور ماحولیات کے انتظام کے بہترین طریقہ کار شام ہیں۔
یہ شراکت داری اسٹیل کی پیداوار کے لیے درکار مواد کی موثر تیاری میں معاونت کرے گی، اسٹیل ویلیو چین میں ٹیکنالوجی پر مبنی بہتری کو قابل بنائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان-برازیل اسٹیل سپلائی چین کی مضبوطی اور پائیداری کو بڑھا دے گی۔
ہندوستان کی اسٹیل کی موجودہ پیداواری صلاحیت 218 ملین ٹن ہے۔ ہندوستانی کمپنیاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعت کاری کی وجہ سے بڑھتی ہوئی گھریلو مانگ کو پورا کرنے کے لیے اپنی اسٹیل کی پیداواری صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھا رہی ہیں۔ اس تناظر میں، یہ ایم او یو اسٹیل کی پیداوار کے لیے درکار معدنی وسائل کی ترقی اور معدنی پروسیسنگ، افزودگی، ری سائیکلنگ، اور ڈیٹا پر مبنی تلاش میں جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
برازیل لوہے کی پیداوار میں دنیا کے سرکردہ ممالک میں سے ایک ہے۔ اس میں اسٹیل مینوفیکچرنگ کے لیے ضروری معدنیات کے اہم ذخائر ہیں، جن میں مینگنیج، نکل اور نائیوبیم شامل ہیں۔ برازیل کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے سے ہندوستان کے اسٹیل سیکٹر کی طویل مدتی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے درکار اہم خام مال اور ٹیکنالوجی تک رسائی کو بہتر ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد