
نئی دہلی، 20 فروری (ہ س)۔ ٹیکسٹائل کی وزارت نے ونجیا بھون، دہلی میں مرکزی بجٹ 2026 کے اعلانات کے بعد پہلی قومی صنعت مشاورتی میٹنگ کا انعقاد کیا تاکہ نفاذ کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔اس مشاورتی اجلاس کا بنیادی مقصد بجٹ میں اعلان کردہ دو اہم اقدامات کو نافذ کرنا تھا: ٹیکسٹائل ایکسپینشن اینڈ ایمپلائمنٹ (ٹیم) اسکیم اور ٹیکس ایکو اقدام۔ ان اقدامات کا مقصد ٹیکسٹائل اور ملبوسات کے شعبے میں مسابقت، جدید کاری، پائیداری اور روزگار پیدا کرنا ہے۔ ٹیکس ایکو پہل ٹیکسٹائل ویلیو چین میں پائیداری، وسائل کی کارکردگی، اور سبز مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔وزارت کی سکریٹری نیلم شامی راو¿ نے کہا کہ ہندوستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا مستقبل روشن ہے۔ نئے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی ایز) اور ٹیکسٹائل پر مرکوز بجٹ نے ہندوستانی برآمد کنندگان کے لیے عالمی منڈیاں کھول دی ہیں۔
وزارت کے ایڈیشنل سکریٹری روہت کنسل نے کہا کہ بجٹ روزگار پیدا کرنے والی مینوفیکچرنگ کی صلاحیت کو بڑھانے اور ٹیکسٹائل سیکٹر کو جامع ترقی کا انجن بنانے کے حکومت کے ارادے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اسے ایک ’مربوط پروگرام‘ کے طور پر بیان کیا جو سرمایہ کاری اور پالیسی سپورٹ کو اکٹھا کرتا ہے۔صنعت کے نمائندوں نے اس سیشن میں کئی اہم تجاویز پیش کیں، جن میں بروقت منظوری،ایم ایس ایم ای سیکٹر کے لیے بہتر فنانسنگ، کلسٹر انفراسٹرکچر، ٹارگٹڈ اسکل ڈیولپمنٹ، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، اور ریاستی پالیسیوں اور برآمدی اقدامات کے ساتھ ہم آہنگی شامل ہیں۔اس موقع پر سینئر حکام، صنعتکار اور ٹیکسٹائل ویلیو چین کے نمائندے موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan