ایف آئی ایچ پرو لیگ تنازعہ: پاکستان نے ہاکی کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی ختم کردی
اسلام آباد، 20 فروری (ہ س) پاکستان کی حکومت نے جمعہ کو قومی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر لگائی گئی دو سال کی پابندی کو منسوخ کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دی
اسپورٹ


اسلام آباد، 20 فروری (ہ س) پاکستان کی حکومت نے جمعہ کو قومی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پر لگائی گئی دو سال کی پابندی کو منسوخ کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے لگائی گئی پابندی کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا۔

پی ایچ ایف کے صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے سے عین قبل طارق بگٹی نے فیڈریشن پر تنقید کرنے پر عماد شکیل بٹ پر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ہاکی سے دو سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔ بٹ نے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران بدانتظامی کے حوالے سے فیڈریشن پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

تاہم، پی ایچ ایف کے عبوری صدر محی الدین احمد وانی، جنہیں وزیر اعظم شہباز شریف نے سرپرست اعلیٰ مقرر کیا تھا، نے بگٹی کے فیصلے کو غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام قرار دیتے ہوئے اسے پلٹ دیا۔

ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے سے واپس آنے کے بعد ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ کینبرا میں کھیلے گئے ایف آئی ایچ پرو لیگ میچوں کے دوران ٹیم کو اہم لاجسٹک مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ سرکاری سطح پر چلنے والے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے ٹیم کی رہائش کے لیے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں 10 ملین جاری کرنے کے باوجود، کھلاڑیوں کو ایئر بی این بی رہائش میں رہنا پڑا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بگٹی کا استعفیٰ فوری طور پر قبول کرتے ہوئے محی الدین احمد وانی کو پی ایچ ایف کا ایڈہاک صدر اور بریگیڈیئر مسرت اللہ کو ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا۔ دونوں وقتی طور پر ہاکی کے معاملات کو سنبھالیں گے۔

بدھ کی صبح ٹیم کی وطن واپسی کے بعد، عماد بٹ اور دیگر سینئر کھلاڑیوں نے ایئرپورٹ پر میڈیا کو بتایا کہ وہ موجودہ انتظامیہ کے ساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتے۔ بٹ نے انکشاف کیا کہ کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں اپنے مسائل کے بارے میں میڈیا سے بات نہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ دورے کے دوران کھلاڑیوں کو کچن صاف کرنے اور برتن دھونے پر مجبور کیا گیا۔ مزید برآں، ٹیم کو پیشگی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل میں داخلے سے روک دیا گیا جہاں وہ ٹھہرے ہوئے تھے، کھلاڑی گھنٹوں سڑک پر انتظار کرنے پر مجبور ہوئے۔

بٹ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ زیادہ تر کھلاڑیوں کو گزشتہ ایک سال سے ان کے یومیہ الاو¿نسز نہیں ملے تھے۔ ادھر طارق بگٹی نے پورے واقعے کا ذمہ دار پاکستان ا سپورٹس بورڈ کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے دورے کے تمام انتظامات سنبھال لیے تھے۔

ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی مہم مایوس کن رہی ہے، اس نے ہالینڈ، ارجنٹائن، آسٹریلیا اور جرمنی کے خلاف اب تک اپنے تمام آٹھ میچ ہارے ہیں، اور نو ٹیموں کے مقابلے میں آخری نمبر پر ہے۔

ورلڈ کپ کے فائنل کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کو چار ماہ میں مصر کا دورہ کرنا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande