
ہندوستانی انڈر-17 مردوں کی فٹبال ٹیم میانمار کے ینگون میں دو دوستانہ میچ کھیلے گی
نئی دہلی، 20 فروری (ہ س)۔ ہندوستان کی انڈر-17 مردوں کی فٹبال ٹیم میانمار کے ینگون میں 3 اور 5 مارچ 2026 کو دو بین الاقوامی دوستانہ میچ کھیلے گی۔ یہ مقابلے ٹیم کی اے ایف سی انڈر-17 ایشیائی کپ سعودی عرب 2026 کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔
’’بلیو کولٹس‘‘ کے نام سے مشہور ہندوستانی ٹیم اس سال اب تک چار بین الاقوامی دوستانہ مقابلے کھیل چکی ہے۔ ٹیم نے گوا میں تاجکستان کے خلاف دو اور ترکیہ کے انطالیہ میں دو میچ کھیلے تھے۔ ترکیہ کے دورے سے لوٹنے کے بعد ہیڈ کوچ ببیانو فرنانڈیس کی ٹیم گوا میں ہی مشق کر رہی ہے۔ ہندوستانی اسکواڈ 28 فروری کو میانمار کے دارالحکومت ینگون کے لیے روانہ ہوگا۔
ہندوستان کی طرح میانمار نے بھی اے ایف سی انڈر-17 ایشیائی کپ سعودی عرب 2026 کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ میانمار نے کوالیفائر کے گروپ-سی میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔ اس گروپ میں عمان، شام، افغانستان اور نیپال جیسی ٹیمیں شامل تھیں۔
اے ایف سی انڈر-17 ایشیائی کپ سعودی عرب 2026 میں ہندوستان کو گروپ-ڈی میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ 6 مئی کو آسٹریلیا، 10 مئی کو ازبکستان اور 13 مئی کو ڈی پی آر کوریا سے ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن