
عوامی لیگ پر پابندی کو لے کر شیخ حسینہ کے بیٹے نے سوال اٹھائے، آرڈیننس کے جواز پر بحث تیز
واشنگٹن، 19 فروری (ہ س)۔ بنگلہ دیش کی معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد نے عوامی لیگ پر لگائی گئی پابندی کو لے کر عبوری حکومت کی جانب سے لائے گئے آرڈیننس کے جواز پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی کی قیادت والی نئی حکومت کے سامنے 30 دنوں کی آئینی مدت ہے، جس کے اندر اسے اس آرڈیننس پر فیصلہ کرنا ہوگا۔
واجد نے ایک بیان میں کہا کہ عبوری حکومت نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 2009 میں ترمیم کرنے کے لیے ایک نیا آرڈیننس جاری کیا، جس سے اسے کسی سیاسی پارٹی کی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کا حق مل گیا۔ اسی بنیاد پر ایس آر او 137 اے آئی این/2025 جاری کر کے عوامی لیگ پر کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بنگلہ دیش کے آئین کے آرٹیکل 93(2) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی آرڈیننس کو نئی حکومت کی تشکیل کے بعد پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں پیش کرنا لازمی ہے۔ اگر 30 دنوں کے اندر پارلیمنٹ اس آرڈیننس کو قانون کے طور پر منظور نہیں کرتی، تو وہ خود بخود منسوخ ہو جائے گا۔
واجد کے مطابق، بی این پی کی قیادت والی حکومت کے پاس دو متبادل ہیں — یا تو وہ آرڈیننس کو ختم ہونے دے، یا پھر اسے قانون ساز منظوری دے کر مستقل قانون میں شامل کر دے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر پارلیمنٹ موجودہ شکل میں ترمیم کو منظوری دیتی ہے، تو عوامی لیگ کو اکائی کے طور پر کالعدم قرار دینے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹریشن منسوخ کرنے جیسی کارروائیاں عدالتی نظر ثانی کے دائرے میں آ سکتی ہیں۔
انہوں نے دلیل دی کہ اگر پارلیمنٹ اس ترمیم کو منظور کرتی ہے، تو یہ انسداد دہشت گردی قانون کے ’’غیر معمولی استعمال‘‘ کی حمایت مانا جائے گا اور اس سے جمہوری عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ واجد نے کہا کہ اگر نئی حکومت آرڈیننس کو منظوری نہیں دیتی اور اسے 30 دنوں کے بعد ختم ہونے دیتی ہے، تو یہ عبوری انتظامیہ کی ’’سخت پالیسی‘‘ سے دوری بنانے اور کثیر جماعتی جمہوری مسابقت کے لیے جگہ بحال کرنے کا اشارہ ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ عوامی لیگ اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) 1990 کی دہائی کے اوائل میں پارلیمانی جمہوریت کی بحالی کے بعد سے بنگلہ دیش کی دو اہم سیاسی طاقتیں رہی ہیں۔ ایسے میں کسی بڑی سیاسی پارٹی پر پابندی کا فیصلہ قانونی اور سیاسی نقطہ نظر سے انتہائی اہم مانا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن