


مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ نے نئی دہلی میں انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 میں شرکت کی
بھوپال، 20 فروری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اے آئی ٹیکنالوجی ہمارے لیے موقع بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ جلد ہی مدھیہ پردیش اسٹیٹ اے آئی مشن لانچ کرے گا، جو نظامِ حکومت، عوامی خدمات اور اقتصادی مواقع کو ٹیکنالوجی پر مبنی شکل میں بدلنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہوگا۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو جمعہ کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ-2026 کی اختتامی نشست سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بھارت منڈپم واقع بھوپال میڈیا سینٹر میں نیشنل میڈیا نامہ نگاروں سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے مستقبل اور اس کے استعمال پر کھل کر اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اے آئی سے بے خوف ہوکر ملک کے مفاد میں کام کرنے پر زور دیا ہے۔ ہماری حکومت ریاست کی خوشحالی کے لیے تمام چیلنجوں سے مقابلہ کرکے تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس میں مدھیہ پردیش بھی اپنا بڑا کردار ادا کر رہا ہے۔ مدھیہ پردیش ہندوستان کی 5ویں بڑی ریاست ہے۔ ریاست کے طبی شعبے میں اے آئی کی مدد سے صحیح وقت پر بیماریوں کی شناخت اور ان کی تشخیص اور دور دراز علاقوں تک بہتر سہولیات مہیا کرانے کے لیے ریاستی حکومت پرعزم ہے۔ مدھیہ پردیش میں نئی نئی صنعتیں قائم کرنے کے لیے ہمارے پاس مناسب زمین اور پانی دستیاب ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ کوئی بھی نئی ٹیکنالوجی تبھی بامعنی ہے، جب وہ انسانیت کے مفاد میں مواقع سے بھرپور اور کارگر ہو۔ ہمیں مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کو اختراع کے ساتھ سب کی ترقی، سماجی ہم آہنگی، گڈ گورننس اور ملک و ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے وسیلے کے طور پر اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان آج ڈیجیٹل تبدیلیوں کو اپنا کر مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔ ایسے وقت میں اے آئی زراعت، آبپاشی، تعلیم، صحت، سیاحت کی صنعت اور انتظامیہ میں انقلابی تبدیلی لا سکتا ہے۔ اے آئی کے ذریعے شفافیت بڑھے گی، فیصلہ سازی کا عمل تیز ہوگا اور عام شہری تک اسکیموں کا فائدہ بھی زیادہ موثر انداز میں پہنچ سکے گا۔ انہوں نے قومی یکجہتی اور اجتماعی عزم کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہم سب متحد ہوکر اے آئی کے ذریعے ہندوستان کو خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے اے آئی کو ’’نئے زمانے کی نئی سائنسی صنف‘‘ بتاتے ہوئے اس کے ذمہ دارانہ اور انسانی استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی تکنیکی پیشرفت کے وسیلے کے ساتھ انسانی زندگی کے معیار کو سدھارنے کا بااختیار ذریعہ بھی ہے۔ ہندوستان جیسی ثقافتی طور پر خوشحال قوم کے لیے یہ ضروری ہے کہ اے آئی کی ترقی اور استعمال ہندوستانی انسانی اقدار کے تحفظ کے ساتھ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ٹیلنٹ، وسائل اور وژن، تینوں کا بے مثال سنگم موجود ہے۔ صحیح سمت میں اے آئی کا استعمال کر کے ہم اپنے ملک کو عالمی اے آئی منظر نامے میں سرکردہ کردار میں لا سکتے ہیں۔ اے آئی کا مستقبل اس کی تکنیکی برتری، اخلاقیات، شفافیت اور شمولیت میں مضمر ہے۔ یہ ہم پر ہے کہ ہم اس کا استعمال کس طرح، کس سمت میں اور کس ہدف کے لیے کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری ریاست ملک کے وسط میں واقع ہے۔ ہمارے پاس مناسب لینڈ بینک ہے۔ ریاست میں اے آئی پر مبنی ایک بڑا ڈیٹا سینٹر قائم کیا جائے گا۔ اس ڈیٹا سینٹر کے قیام کے لیے ہم نے بڑے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو بھی مدعو کیا ہے۔ اے آئی کے ذریعے ریاست کی تکنیکی ترقی اور خوشحال مدھیہ پردیش کی تعمیر کو رفتار ملے گی۔ ریاست کے شہریوں کی بہبود کے لیے ہم ہر شعبے میں آگے بڑھیں گے۔ مدھیہ پردیش زرعی ریاست ہے۔ کسانوں اور نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا کردار انقلابی ثابت ہوگا۔ کسانوں کے لیے فصلوں میں ہونے والی بیماریوں کی صحیح وقت پر جانچ اور علاج کرنے سے پیداوار میں فائدہ ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں آئی ٹی پارک بنائے جا رہے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار فراہم کرنے کے لیے ریاستی حکومت کام کر رہی ہے۔ اے آئی کے ذریعے بھی فائدہ دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ریاست میں اے آئی سیکٹر کی ترقی کے لیے انفراسٹرکچر، ٹیلنٹ سپورٹ، انڈسٹری میں استعمال، ریسرچ اور انوویشن سے جڑ کر انڈسٹری ریسرچ سینٹر کو فروغ دے کر خود کفیل ہندوستان اور خود کفیل مدھیہ پردیش بنانے کے لیے ہم آگے بڑھیں گے۔ اے آئی اسٹارٹ اپ کو حکومت کے ساتھ کام کرنے کا موقع دینے کے لیے بھی ہم کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای میں نئی تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ موجودہ وقت میں مدھیہ پردیش بجلی کے شعبے میں خود کفیل ہو کر نئے امکانات کی طرف دیکھ رہا ہے۔ اس سیکٹر میں بھی اے آئی کے استعمال کو مستقبل میں فروغ دیا جائے گا۔ مدھیہ پردیش حکومت نے اسپورٹس، ایگریکلچر، انڈسٹری، ایجوکیشن اور ٹورازم میں اے آئی کا فائدہ اٹھانے کے لیے مختلف کمپنیوں کے ساتھ ایم او یو کیے ہیں۔ ریاستی حکومت نے ریاست میں کام کرنے کے لیے کمپنیوں کو دعوت بھی دی ہے۔ مدھیہ پردیش مستقبل میں اے آئی سیکٹر میں بڑا کردار ادا کرے گا۔ مدھیہ پردیش مستقبل میں آنے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری ریاست زراعت کے شعبے میں خوشحال ہوتی جا رہی ہے۔ مدھیہ پردیش گیہوں اور دھان کی پیداوار میں سرکردہ ہے۔ ریاستی حکومت کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے پھلوں کے باغات، باغبانی کی فصلوں اور نامیاتی کھیتی کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ کسانوں کی بہبود اور زرعی ترقی کا محکمہ ہمارے تمام کسانوں کو اے آئی کا بھرپور فائدہ دلانے میں مدد کرے گا۔ ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر میں بھی اے آئی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ریاست میں سکل سیل انیمیا سے لڑنے میں بھی اے آئی کا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی-2020 ریاست میں سب سے پہلے نافذ کی گئی ہے۔ اس میں اختراعات کی جا رہی ہیں۔ ساندیپنی ودیالیہ اور پی ایم ایکسیلنس کالج کے ذریعے اے آئی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ریاست میں مذہبی سیاحت کے فروغ میں بھی اے آئی کا فائدہ اٹھایا جائے گا۔ سال 2028 میں اجین میں سنہستھ مہاکمبھ کا انعقاد ہونا ہے۔ اس کے مناسب انتظام میں اے آئی کا اہم کردار ہوگا۔ ہوم اسٹے کی کنیکٹیویٹی میں بھی سیاحوں کو اے آئی کے ذریعے فائدہ پہنچایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں اے آئی کا پورا نیا ایکو سسٹم تیار کیا جائے گا۔ اس ایکو سسٹم کے 5 اہم حصے ہوں گے۔ پہلا کمپیوٹر انفراسٹرکچر- اس میں مشترکہ جی پی یو اور ڈیٹا سینٹر ہوگا۔ دوسرا ٹیلنٹ ڈیولپمنٹ- اس میں کالجوں میں اے آئی کی پڑھائی اور انڈسٹری سرٹیفیکیشن کیا جائے گا۔ تیسرا اسٹارٹ اپ سپورٹ- اس میں فنڈنگ، مینٹرشپ اور انکیوبیشن کی سہولت دی جائے گی۔ چوتھا انڈسٹری میں استعمال- اس کے تحت اے آئی اپنانے کے لیے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ پانچواں ریسرچ اینڈ انوویشن- اس میں انڈسٹری سے جڑے ریسرچ سینٹرز اور اختراعات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف اے آئی کا استعمال ہی نہیں کریں گے، بلکہ اے آئی بنانے کی صلاحیت بھی تیار کریں گے۔ اب ہم بھوپال اور اندور میں اے آئی فوکسڈ ایکسلریٹر شروع کریں گے۔ ہم مدھیہ پردیش اسٹیٹ الیکٹرانک ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعے اے آئی گورننس سینڈ باکس شروع کریں گے۔ اس کے لیے حکومت ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرائے گی۔ ہم اپنی انڈسٹریل ڈیولپمنٹ پالیسی میں اب اے آئی پر مبنی ٹیکنالوجی کو بھی جوڑ رہے ہیں۔ اس سے ہماری پیداواری صلاحیت 15 سے 20 فیصد بڑھ سکتی ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل، فارما، مائننگ اور آٹو سیکٹر میں۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی کی ترقی کے لیے ہم مدھیہ پردیش قابل تجدید توانائی سیکٹر میں سولر پر مبنی سولر سینٹر، ہائبرڈ انرجی ماڈل اور گرین ڈیٹا سینٹر کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اس سے ڈیجیٹل ترقی اور ماحولیات کا تحفظ دونوں باہم ساتھ ساتھ چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی مستقبل میں مدھیہ پردیش کی معیشت کا بڑا ترقیاتی انجن بنے گا۔ اگلے 5 سالوں میں ہم 500 سے زیادہ اے آئی اسٹارٹ اپس کے ذریعے 50 ہزار سے زیادہ نئے روزگار پیدا کرنے کا ہدف لے کر آگے بڑھیں گے۔ ہم ریاست کی اہم صنعتوں میں اے آئی کا زیادہ سے زیادہ استعمال اور اے آئی خدمات کی برآمدات کے لیے بھی تمام ضروری قدم اٹھائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن