
نئی دہلی، 20 فروری (ہ س): مرکزی کامرس اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کو ہندوستان اور امریکہ کے درمیان مارچ میں ایک عبوری تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے اور اپریل میں اس کے نفاذ کا امکان ظاہر کیا۔
تجارت اور صنعت کے مرکزی وزیر نے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) کی برآمدات کو فروغ دینے اور عالمی مسابقت کو مضبوط بنانے کے لیے ایکسپورٹ پروموشن مشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ برطانیہ اور عمان کے ساتھ ہندوستان کا آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) اپریل میں نافذ ہونے کی امید ہے۔ پیوش گوئل نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ معاہدہ ستمبر میں نافذ العمل ہو سکتا ہے۔ ہندوستان-یورپی یونین (ای یو) کے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر، مرکزی وزیر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب یورپی یونین کے تمام 27 ممالک اس بات کے خواہاں ہیں کہ ایف ٹی اے کو جلد حتمی شکل دی جائے اور اسے آگے بڑھایا جائے۔ گوئل نے کہا کہ یہ معاہدہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طاقت ہے۔
ایک عبوری تجارتی معاہدے کے قانونی فریم ورک کو حتمی شکل دینے کے لیے ہندوستانی اور امریکی حکام کے درمیان تین روزہ میٹنگ 23 فروری کو امریکہ میں شروع ہوگی۔ رواں ماہ کے شروع میں ہندوستان اور امریکہ نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا تھا کہ عبوری تجارتی معاہدے کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی