
ولساڈ، 20 فروری (ہ س) گجرات میں ولساڈ ضلع کی کپراڈا تحصیل کمبھ گھاٹ میں واپی-دھرم پور روڈ پر جمعہ کو تیز رفتار ٹرک اور ایکو کار کے درمیان تصادم میں سات افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثے میں مرنے والے تمام افراد کپراڈا کے امبا جنگل گاو¿ں کے ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔ وہ کپراڈا سے ناناپونڈھا جا رہے تھے جب کمبھ گھاٹ کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ایکو کار کا پچھلا حصہ مکمل طور پر ریزہ ریزہ ہو گیا جس سے کار میں سوار افراد پھنس گئے۔ حادثے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کوباہر نکالا۔
جاں بحق ہونے والوں میں پانچ مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک ہی خاندان کے سات افراد کی ہلاکت کی خبر سے پورے علاقے میں سوگ پھیل گیا۔ ان کے نام ابھی تک معلوم نہیں ہیں۔ گاو¿ں میں سوگ کا ماحول ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مزید تفتیش شروع کر دی۔ حادثے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مکمل تفصیلات موصول ہونے پر تفصیلی رپورٹ فراہم کی جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی