
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کو لے کر چیف الیکشن کمشنر 27-26 فروری کو کریں گے ریاست کا دورہ
چنئی، 19 فروری (ہ س)۔ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کا تمل ناڈو کا دورہ طے ہو گیا ہے۔ وہ 26 اور 27 فروری کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ چیف الیکشن کمشنر 26 فروری (جمعرات) اور 27 فروری (جمعہ) کو چنئی میں رہیں گے۔ اپنے دورے میں وہ ریاست کی تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں، ضلع الیکشن افسران، سینئر پولیس افسران اور دیگر انتظامی افسران کے ساتھ اہم میٹنگیں کریں گے۔ ان کے دورے کے بعد تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کی تاریخ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ امکان ہے کہ مارچ کے وسط میں انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا۔
تمل ناڈو کے ساتھ ساتھ پڈوچیری، کیرالہ، آسام اور مغربی بنگال سمیت پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی ڈپٹی کمشنر ٹیم متعلقہ ریاستوں کا دورہ کر رہی ہے اور سرکاری محکموں کے افسران کے ساتھ جائزہ میٹنگیں کر رہی ہے۔ حال ہی میں یہ ٹیم تمل ناڈو آئی تھی اور یہاں دو دنوں تک سرکاری افسران، پولیس افسران اور تسلیم شدہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ان میٹنگوں میں لیے گئے فیصلوں کی رپورٹ چیف الیکشن کمشنر کو سونپی جائے گی۔ اس کی بنیاد پر چیف الیکشن کمشنر خود تمل ناڈو کا دورہ کر کے افسران کے ساتھ دوبارہ جائزہ میٹنگ کریں گے۔
تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں تیزی سے چل رہی ہیں۔ انتخابات کو دھیان میں رکھتے ہوئے پوری ریاست میں خصوصی ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی مہم چلائی گئی۔ اس دوران منتقل ہو چکے ووٹرز، فوت شدہ ووٹرز اور دو مقامات پر رجسٹرڈ ووٹرز سمیت تقریباً ایک لاکھ نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے گئے۔ اس کے بعد حتمی ووٹر لسٹ 23 تاریخ کو جاری کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن