
رونالڈو کی غیر موجودگی میں النصر نے اے ایف سی چمپئنز لیگ-2 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی
ریاض، 19 فروری (ہ س)۔ پرتگال کے مایہ ناز فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی غیر موجودگی میں سعودی عرب کے کلب النصر نے اے ایف سی چمپئنز لیگ-2 فٹبال ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ النصر نے ترکمانستان کے کلب آرکاداگ کو 0-1 سے ہرا کر دو مقابلوں کے کل مجموعے میں 0-2 سے جیت درج کی۔ 41 سالہ رونالڈو اس مقابلے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور اسٹینڈس سے میچ دیکھتے نظر آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، انہیں سعودی پرو لیگ اور اے ایف سی چمپئنز لیگ-2 کے آئندہ اہم مقابلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا گیا ہے۔ دسمبر 2022 میں ریاض واقع النصر سے منسلک ہونے کے بعد وہ اب تک کوئی بڑا خطاب نہیں جیت سکے ہیں۔ کوارٹر فائنل میں النصر کا سامنا متحدہ عرب امارات کے کلب الوصل سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا مقابلہ 3 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
وہیں، اعلیٰ سطحی اے ایف سی چمپئنز لیگ ایلیٹ ٹورنامنٹ میں مشرقی خطے سے جاپان کے تین اور جنوبی کوریا کے دو کلب آخری-16 مرحلے میں پہنچے ہیں۔ ملائیشیا کا جوہر دارالتعظیم اور تھائی لینڈ کا بوریرام یونائیٹڈ بھی اگلے دور میں پہنچنے میں کامیاب رہے، جبکہ آسٹریلیا کا میلبورن سٹی 2016 کے بعد آخری-16 میں جگہ بنانے والی دوسری آسٹریلیائی ٹیم بنا۔
مغربی خطے میں سعودی عرب کے کلبوں کا دبدبہ دیکھنے کو ملا۔ الہلال، الاہلی اور الاتحاد ٹاپ چار میں رہے۔ ایران کا ٹریکٹر کلب تیسرے مقام پر رہا، جبکہ قطر کے الدحیل اور السعد کے ساتھ الوحدہ نے بھی آخری-16 میں جگہ بنائی۔ آخری-16 کے پہلے مرحلے کے مقابلے 2 اور 3 مارچ کو کھیلے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن