
بیجاپور، 19 فروری (ہ س)۔ چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلع میں تلنگانہ کی سرحد کے قریب ناوی اور کریگٹہ کی پہاڑیوں سے نکسل ازم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا ہے۔ اس آپریشن کا بنیادی مقصد بڑے نکسل کیڈروں کو تلاش کرنا اور انہیں ختم کرنا ہے۔ ناوی اور کریگٹہ پہاڑیوں میں تلاشی کی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن میں بڑی تعداد میں نوجوان شامل ہیں، جو کہ ناوی اور کریگٹہ پہاڑیوں میں شدید تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔یہ کارروائی مارچ 2026 تک ملک سے نکسل ازم کو ختم کرنے کے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ہدف کا حصہ ہے۔ اس سے قبل، اپریل-مئی 2025 میں، سیکورٹی فورسز نے کریگٹہ پہاڑیوں کو نکسلی اثر سے آزاد کرنے کے لیے ایک طویل ”آپریشن بلیک فاریسٹ“ شروع کیا تھا۔ اس آپریشن کے دوران 31 نکسلی مارے گئے تھے۔
بستر کے انسپکٹر جنرل سندرراج پی نے جمعرات کو بتایاکہ سیکورٹی فورسز بستر علاقے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں اور باقاعدگی سے نکسل مخالف موثرکاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ نکسل مخالف آپریشن میں شامل فورسز کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کی مکمل تفصیلات آپریشن مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد