
نئی دہلی، 19 فروری (ہ س)۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نئی دہلی میں جاری انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اپنا کلیدی خطبہ نہیں پیش کریں گے۔ گیٹس فاؤنڈیشن نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ سمٹ کی ترجیحات پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ انکور وورا خطاب کریں گے۔
گیٹس فاؤنڈیشن نے جمعرات کو ایکس پوسٹ پر ایک بیان میں کہا، ”انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ کی نمائندگی افریقہ اور انڈیا کے دفاتر کے سربراہ انکور وورا کریں گے، جو آج سمٹ میں اپنا خطبہ پیش کریں گے۔“
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے انڈیا آفس کی ایک سرکاری پوسٹ کے مطابق، مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس اب انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اپنا طے شدہ کلیدی بیان نہیں دیں گے۔
فاؤنڈیشن نے کہا کہ یہ فیصلہ ”بہت غور و فکر کے بعد“ لیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہسمٹ اپنی مخصوص ضروریات پر مرکوز رہے۔ اس میں یہ بھی کہا کہ وہ ہندوستان میں اپنے کام کے لیے پرعزم ہے۔
غور طلب ہے کہ بل گیٹس کی سمٹ سے دستبرداری کی وجہ ان کا نام امریکی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق دستاویزات میں ظاہر ہونے کو قرار دیا جا رہا ہے جو حال ہی میں جاری کی گئی ہیں۔ ایپسٹین پر سنگین جنسی جرائم اور نابالغوں کی اسمگلنگ کے الزام ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد