
پٹنہ، 18 فروری (ہ س)۔ رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک 1447ھ کا چاند آج بروز بدھ، 18 فروری 2026 کو نظر آگیا ہے۔ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ اور دیگر سرکردہ مذہبی اداروں نے شرعی شہادتوں کی بنیاد پر چاند نظر آنے کی تصدیق کر دی ہے۔ ان اعلانات کے بعد یہ طے پایا ہے کہ کل بروز جمعرات، 19 فروری 2026 کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔ چاند کی تصدیق کے ساتھ ہی آج رات سے تمام مساجد میں نماز تراویح کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔
امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف پٹنہ کے مرکزی دارالقضاء سے قاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی نے باضابطہ اعلان جاری کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ پٹنہ اور اس کے اطراف میں چاند نظر نہیں آیا، لیکن جھارکھنڈ اور بہار کے دیگر مقامات سے رویت کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔ مولانا قاسمی کے مطابق رانچی، لوہردگا، چترا، سیسئی، نوادہ، دربھنگہ، گیا اور ڈہری اون سون وغیرہ میں چاند نظر آیا ہے، جس کی شرعی تصدیق کر لی گئی ہے۔ لہٰذا امارت شرعیہ نے اعلان کیا کہ 19 فروری 2026 بروز جمعرات کو رمضان المبارک کی پہلی تاریخ ہوگی اور تمام مسلمان کل سے روزہ رکھیں گے۔
آل انڈیا ملی کونسل بہار کے ریاستی دفتر پھلواری شریف میں بھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ کونسل کے صدر اور کنوینر حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عالم قاسمی نے اعلان کیا کہ پھلواری شریف میں مطلع ابر آلود ہونے یا دیگر اسباب کی بنا پر چاند نظر نہیں آیا، لیکن ملک کے دیگر حصوں سے چاند دیکھے جانے کی خبریں موصول ہوئیں جن کی تصدیق کے بعد 19 فروری کو پہلا روزہ قرار دیا گیا ہے۔
دارالقضاء ادارہ شرعیہ اورنگ آباد، بہار کے قاضی فیضان سرور مصباحی نے بتایا کہ شہر میں مطلع بالکل صاف تھا اور وہاں عام رویت ہوئی ہے۔ قاضی صاحب نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے بذات خود اور کئی دیگر نمازیوں نے اپنی آنکھوں سے چاند دیکھا ہے۔ اس بنیاد پر دارالقضاء نے اعلان کیا کہ آج رات عشاء کے بعد تراویح کی نماز ادا کی جائے گی اور مرد و خواتین کل سے روزہ رکھیں گے۔
جھارکھنڈ کے ضلع گریڈیہہ سے بھی چاند نظر آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دارالعلوم حضرت بلال اور جامعہ للبنات (نواہرا، بیریا، منڈرو) کے سربراہ اعلیٰ الحاج محمد نظام الدین قادری نے جملہ اہل اسلام کو مطلع کیا کہ آج بتاریخ 18 فروری 2026 کو 29 شعبان المعظم کو رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے۔ لہٰذا انہوں نے بھی 19 فروری بمطابق یکم رمضان المبارک سے پہلا روزہ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ان تمام اعلانات کے بعد بہار اور جھارکھنڈ کے مسلمانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور فرزندانِ توحید نے اس بابرکت مہینے کے استقبال کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن