
وکست بھارت - جی رام جی اسکیم کا مقصد دیہی معیشت کو مضبوط اور خود کفیل بنانا ہے : ڈاکٹر وریندر کمار
۔ اسکیم میں دیہی انفراسٹرکچر اور معاش پر زور، روزگار کی گارنٹی 100 سے بڑھا کر 125 دن کی گئی: مرکزی وزیر ڈاکٹر کمار
نیواڑی، 09 جنوری (ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات ڈاکٹر وریندر کمار نے کہا کہ ’وکسیت بھارت - جی رام جی‘ اسکیم دیہی ترقی اور روزگار کے لیے ایک نیا قانون ہے، جو منریگا کی جگہ لیتا ہے، جس میں روزگار کی گارنٹی 100 سے بڑھا کر 125 دن کی گئی ہے۔ اس میں دیہی بنیادی ڈھانچے اور معاش پر توجہ مرکوز کی گئی ہے اور گرام پنچایتوں کو ترقیاتی منصوبہ بنانے میں مزید قوت بخشی گئی ہے، جس سے دیہی علاقوں میں پائیدار ترقی اور آمدنی کی سیکورٹی یقینی بنائی جا سکے۔ اس اسکیم کے تحت دیہی خاندانوں کی آمدنی کی سیکورٹی کو مضبوط کرنا، دیہی معیشت کو مضبوط اور خود کفیل بنانا، دیہی علاقوں میں پائیدار ترقی اور کنیکٹیویٹی یقینی بنانا ہے۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر کمار جمعہ کو مدھیہ پردیش کے نیواڑی میں ضلع ترقیاتی رابطہ اور نگرانی کمیٹی (دشا) کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے میٹنگ میں تمام محکموں کے کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ضلع کے ترقیاتی کاموں پر موجود عوامی نمائندوں کے ذریعے مطلع کیا گیا۔ کلکٹر جمنا بھڑے نے 26 ستمبر 2025 کو منعقدہ دشا میٹنگ کی ہدایات پر عمل درآمد کی رپورٹ اور کام کی پیش رفت پر جانکاری دی۔ انہوں نے ’وکسیت بھارت گارنٹی روزگار اور روزی روٹی مشن (دیہی)‘، جل جیون مشن، پردھان منتری آواس یوجنا (شہری اور دیہی)، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا، پردھان منتری آدرش گرام یوجنا کے تحت مسائل اور کام کی پیش رفت کی تفصیلی جانکاری شیئر کی۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے محکمانہ کاموں اور اسکیموں کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ ضلع کے شہری اور دیہی علاقوں میں فراہم کیے جا رہے پانی کی کوالٹی کا یومیہ ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جائے۔ پانی کی ٹنکیوں کی صفائی کرائیں۔ پائپ لائن کے لیکیج کا معائنہ کر کے مرمت یا تبدیلی کا کام جلد مکمل کریں۔ عوامی مقامات پر صفائی مہم چلائیں۔ انہوں نے ضلع میں صحت کی سہولیات کے بہتر نفاذ کے لیے ہدایات دیں کہ ڈاکٹروں اور ملازمین کی حاضری یقینی بنائیں اور پرائمری ہیلتھ سینٹر اور آیوش سینٹر باقاعدگی سے چلتے رہیں اور افسران مسلسل معائنہ یقینی بنائیں۔ ضلع اسپتال جلد از جلد شروع کیا جائے، اس کے لیے جو بھی رسمی کارروائی باقی ہو، اسے جلد ہی مکمل کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی کلکٹریٹ عمارت کا جلد افتتاح کیا جائے۔ ٹیم تشکیل دے کر متعدی امراض سے متاثرہ خاندانوں کی جانچ یقینی بنائیں۔ لاپرواہ افسران و ملازمین پر انضباطی کارروائی تجویز کریں۔ انہوں نے سرکاری کاموں، عمارتوں اور دفتروں کے افتتاح میں عوامی نمائندوں کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات دیں۔
مرکزی وزیر ڈاکٹر کمار نے محکمہ ترقیات خواتین و اطفال کے تحت چلنے والے آنگن واڑی مراکز کے معیاری نفاذ کی ہدایات دیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ بچوں کو کھیل، متاثر کن کہانیوں کے ذریعے تعلیم دی جائے، جس سے بچوں میں ذہنی صلاحیت پروان چڑھ سکے۔ آنگن واڑی مراکز میں بچوں کو معیاری، باقاعدہ اور مینو کے مطابق ناشتہ اور کھانے کی دستیابی یقینی بنائیں۔ ون اسٹاپ سینٹر کے آپریشن کے لیے سرکاری عمارت کی تعمیر کی تجویز بھیجی جائے۔ انہوں نے ضلع میں راشن کی تقسیم کو لے کر واضح ہدایات دیں کہ مستحقین کو وقت سے بغیر کسی پریشانی کے راشن دستیاب کرایا جائے۔ کسی بھی طرح کی بے ضابطگی پائے جانے پر متعلقہ کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر کمار نے اہل مستحقین کو حکومت کی اہم اسکیموں سے جوڑنے کے لیے سخت ہدایات دیں کہ کوئی بھی اہل شخص حکومت کی اسکیم کے فائدے سے محروم نہ رہے۔ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ آخری صف کے آخری سرے پر کھڑے شخص تک پہنچانا یقینی بنائیں۔ تمام عوامی نمائندے زمینی سطح پر اسکیموں کے نفاذ کا معائنہ کریں۔ دیہی علاقوں میں بجلی، پانی اور بنیادی سہولیات کو درست کریں۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی مدد سے بھگوان کی خدمت ہوتی ہے۔ انہوں نے سرکاری ہاسٹلز میں معائنہ کر کے انتظامات کو درست کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے ’جی رام جی‘ اسکیم کے نفاذ کو لے کر ضروری رہنما ہدایات دیں۔
اس موقع پر ضلع پنچایت صدر سروج رائے، رکن اسمبلی انل جین، رکن پارلیمنٹ کے نمائندے راجیش پٹیریا، نیواڑی میونسپل کونسل صدر گلاب اہروار، پرتھوی پور میونسپل کونسل صدر نیلو کھٹیک، اورچھا میونسپل کونسل صدر شیشو پال راجپوت سمیت دیگر عوامی نمائندے، پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رائے سنگھ نروریا، ضلع پنچایت سی ای او روہن سکسینہ، ایس ڈی ایم منیشا جین، ڈپٹی کلکٹر سواتی سنگھ اور محکمانہ افسران موجود رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن