
صارفین کے تحفظ کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیموں اور افراد کو انعام سے نوازا جائے گا
۔ 31 جنوری تک کر سکتے ہیں درخواست
بھوپال، 09 جنوری (ہ س)۔ عالمی یوم حقوق صارفین 15 مارچ 2026 کے موقع پر صارفین کو ان کے حقوق کے تئیں بیدار کرنے اور تحفظ صارفین کے شعبے میں اہم تعاون دینے والی رضاکارانہ صارفین تنظیموں اور افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے ریاستی اور ڈویژنل سطح کے انعامات دیے جائیں گے۔
محکمہ خوراک، شہری رسد اور تحفظ صارفین کے کمشنر کرم ویر شرما نے جمعہ کو جانکاری دی کہ انعامات کے لیے تنظیموں اور افراد کا انتخاب یکم جنوری سے 31 دسمبر 2025 تک کی مدت میں کی گئی سرگرمیوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ریاستی سطح کے تین انعامات اور توصیفی سند دیے جائیں گے۔ پہلا انعام 1,11,000 روپے، دوسرا انعام 51,000 روپے اور تیسرا انعام 25,000 روپے کا دیا جائے گا۔ ڈویژنوں میں بھی تین انعامات دیے جائیں گے۔ اس میں پہلا انعام 21,000 روپے، دوسرا انعام 11,000 روپے اور تیسرا انعام 5,000 روپے کا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطح اور ڈویژنل سطح کی درخواستیں الگ الگ قبول کی جائیں گی۔ ریاستی سطح کے انعام کے لیے درخواست کے مرکزی صفحے پر ’ریاستی سطح کا انعام برائے سال 26-2025‘ اور ’ڈویژنل سطح کا انعام برائے سال 26-2025‘ واضح طور پر لکھا جائے۔ درخواست کا فارمیٹ ’اے‘ محکمہ خوراک، شہری رسد اور تحفظ صارفین کی ویب سائٹ www.food.mp.gov.in پر دستیاب ہے۔ درخواستیں 31 جنوری 2026 تک متعلقہ دفتر ضلع کلکٹر (خوراک) میں قبول کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں اضافی جانکاری کے لیے متعلقہ دفتر ضلع کلکٹر (خوراک) سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ سال ریاستی سطح کے اول، دوم، سوم انعام یافتہ اداروں کی درخواست پر سلیکشن کمیٹی کے ذریعے غور نہیں کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن