
شیوسینا شندے دھڑے میں ناراضگی کھل کر سامنے آئی ، نوی ممبئی میں 20 عہدیدار مستعفیممبئی، 9 جنوری (ہ س)۔ نوی ممبئی میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کو انتخابی ماحول کے دوران اس وقت شدید سیاسی دھچکا پہنچا جب پارٹی کے 20 عہدیداروں نے اپنے عہدوں سے اجتماعی استعفیٰ دے دیا۔ اس اقدام سے پارٹی کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔ان مستعفی عہدیداروں کی قیادت ملند سوریناتھ کر رہے تھے، جو طویل عرصے سے ایک ناتھ شندے کے وفادار سمجھے جاتے تھے۔ ملند سوریناتھ کے مطابق نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں انہوں نے اپنی اہلیہ کے لیے پارٹی ٹکٹ کی درخواست کی تھی، لیکن پارٹی کی جانب سے اس درخواست کو قبول نہیں کیا گیا، جس سے انہیں شدید مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اس فیصلے کے بعد انہوں نے شندے گروپ کی شیوسینا سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا اور ان کے ساتھ ان کے حامیوں نے بھی اپنے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔ ملند سوریناتھ کا کہنا ہے کہ نوی ممبئی میں شندے کی شیوسینا کے کئی کارکن ناراض ہیں اور امکان ہے کہ اگلے دو دنوں میں مزید استعفے سامنے آئیں گے۔یہ پیش رفت نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے دوران شندے گروپ کے لیے ایک بڑا سیاسی چیلنج بنتی دکھائی دے رہی ہے۔ ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے