
کولکاتا، 9 جنوری (ہ س)۔مغربی بنگال میں پولیٹیکل کنسلٹنسی فرم انڈیا پولیٹیکل ایکشن کمیٹی (آئی-پیک) کے دفتر اور اس کے شریک بانی پرتیک جین کی رہائش گاہ پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کےچھاپے کے خلاف ترنمول کانگریس نے جمعہ کو کلکتہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی ہے۔ حکمراں جماعت نے عدالت پر زور دیا کہ تلاشی کے دوران ضبط کیے گئے دستاویزات اور الیکٹرانک ڈیٹا کے غلط استعمال اور تشہیرکو روکا جائے۔
اپنی عرضی میں ترنمول کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے استعمال کے لیے حساس اور خفیہ سیاسی ڈیٹا ضبط کر لیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی من مانی، بدنیتی پر مبنی اور طاقت کے غلط استعمال کی مثال ہے۔
درخواست کے مطابق، تلاشی اور ضبطی کی کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام ایکٹ 2002 (پی ایم ایل اے ) کی دفعہ 17 کے تحت 8 جنوری کو کی گئی۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ یہ کارروائی کروڑوں روپے کے کوئلہ چوری کے مبینہ گھوٹالے کی تحقیقات کا حصہ ہے۔
ترنمول کانگریس نے عدالت کو بتایا کہ ضبط شدہ دستاویزات اور الیکٹرانک ڈیٹا میں انتخابی مہم کی حکمت عملی، داخلی تشخیص، تحقیقی مواد، تنظیمی تال میل اور انتخابی فہرستوں سے متعلق معلومات شامل ہیں، جن کا کسی طے شدہ جرم یا کسی مبینہ جرم سے ہونے والی آمدنی سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں ہے۔
پارٹی نے الزام لگایا کہ تحقیقات کی آڑ میں اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی طور پر پارٹی کی انتخابی منصوبہ بندی، مہم کے انتظام اور سیاسی حکمت عملی تک رسائی حاصل کرنا تھا تاکہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابی عمل کو متاثر کیا جا سکے۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ اس طرح کے ٹارگٹڈ قبضے رازداری کے حق اور آئین کے تحت جمہوری عمل میں موثر شرکت کے حق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر ضبط کیے گئے ڈیٹا کے غلط استعمال اور پھیلاؤ کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو اس سے انتخابی عمل کی شفافیت کو شدید اور ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا اور آئینی جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔ اس بنیاد پر پارٹی نے ہائی کورٹ سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد