
مشرقی سنگھ بھوم، 9 جنوری (ہ س)۔ شہر میں کتوں سے محبت کرنے والوں کے لیے 79 ویں، 80 ویں اور 81 ویں بین الاقوامی چمپئن شپ ڈاگ شوز کا جمعہ کو آغاز ہوا۔ جمشید پور کینیل کلب (جے کے سی) کے زیر اہتمام یہ تین روزہ تقریب9 سے 11 جنوری 2026 تک جے آر ڈی ٹاٹا اسپورٹس کمپلیکس کےتیراندازی میدان میں منعقد کی جا رہی ہے، جہاں ملک بھر سے 43 نسلوں کے 326 کتے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
جمعہ کو جے آر ڈی ٹاٹا اسپورٹس کمپلیکس میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ بین الاقوامی سطح کے ڈاگ شو کا آغاز ہوا۔ ٹاٹا اسٹیل کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹی وی نریندرن نے کینیل کلب کا پرچم لہرا کر اور چیمپئن شپ کپ کی نقاب کشائی کرکے ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ڈاگ شو جمشید پور کے سب سے باوقار اور مقبول پروگراموں میں سے ایک ہے، جو کتوں سے محبت کرنے والوں، تربیت دینے والوں اور پالنے والوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
افتتاح کے بعد ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا موٹرز کے تربیت یافتہ کتوں نے دانتوں میں گلدستہ تھام کر مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اس کے بعد کتوں نے ہرڈل جمپ، وال کراسنگ اور دیگر دلیرانہ کرتب دکھا کر حاضرین کو محظوظ کیا۔ کینیل کلب کی چیئرمین روچی نریندرن نے کلب کی شاندار تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کلب کا قیام سال 1977 میں عمل میں آیا تھا اور 1978 سے مسلسل ڈاگ شوز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جمشید پور کو 2014 اور 2025 میں قومی سطح کے ڈاگ شو کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
تین روزہ تقریب میں اوبیڈینس ٹرائلز، لیبراڈور ریٹریور اسپیشلٹی شو، بیگل اسپیشلٹی شو اور آل بریڈ چیمپئن شپ شو جیسے بڑے مقابلے شامل ہیں۔ اس شو میں گولڈن ریٹریور، روٹ ویلر، ڈوبرمین، لیبراڈور، بیگل، جرمن شیفرڈ جیسی نسلوں کے ساتھ تبتی ماسٹف، چاؤ چاؤ، ڈوگو ارجنٹینو، انگلش سیٹر جیسی نایاب غیر ملکی نسلیں شامل ہیں، جب کہ ہندوستانی نسلیں مثلاً کمبائی، مدھول ہاؤنڈ، پشمی اور راجاپالیمبھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
ڈاگ شو میں ایف سی آئی سے تصدیق شدہ بین الاقوامی کتوں کی جسمانی ساخت، نظم و ضبط اور تربیت کی مہارت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس سال جمشید پور کے پالتو کتوں کے لیے ایک خصوصی مقابلے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں مقامی کتوں اور ٹرینرز کو اعزاز دیا گیا ہے۔ بڑی تعداد میں ناظرین کی موجودگی کے درمیان تقریب بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد