
حیدرآباد، 9 ۔ جنوری (ہ س)۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے پراپرٹی ٹیکس ادا نہ کرنے والے شہریوں کے لیے بڑی راحت کا اعلان کیا ہے۔ جی ایچ ایم سی نے ون ٹائم سیٹلمنٹ (او ٹی ایس) اسکیم 26-2025 کو جاری رکھتے ہوئے بقایا پراپرٹی ٹیکس پر عائد سود میں 90 فیصد چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس اسکیم کے تحت پراپرٹی مالکان کو صرف اصل پراپرٹی ٹیکس کی مکمل رقم اور بقایا سود کا صرف 10 فیصد ایک ہی بار ادا کرنا ہوگا، جبکہ باقی 90 فیصد سود مکمل طورپر معاف کر دیاجائے گا۔ اس اقدام سے طویل عرصے سے بقایا جات رکھنے والے شہریوں کو بڑی مالی راحت ملے گی۔جی ایچ ایم سی حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس محدود مدت کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے پراپرٹی ٹیکس کے بقایاجات کو بآسانی ادا کریں۔ بروقت ٹیکس ادائیگی سے نہ صرف شہریوں کے ریکارڈ درست ہوں گے بلکہ شہر کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے لیے جی ایچ ایم سی نے کئی سہل ذرائع فراہم کیے ہیں، جن میں MyGHMC موبائل ایپ، MeeSeva مراکز، جی ایچ ایم سی سٹیزن سروس سینٹرز (سی ایس سی ) اوردیگر آن لائن پلیٹ فارمز شامل ہیں۔حکام کے مطابق پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدنی شہر کے بنیادی ڈھانچے، صفائی، سڑکوں اور عوامی خدمات کو بہتر بنانے میں استعمال کی جاتی ہے۔ اسی لیے شہریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیکس کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے اعلان کردہ 90 فیصد سود معافی اسکیم سے توقع ہے کہ ہزاروں پراپرٹی مالکان فائدہ اٹھائیں گے اور شہر کی ترقی میں اپناحصہ ڈالیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق