
حیدرآباد، 9 ۔ جنوری (ہ س)۔ تلنگانہ میں بلدیاتی کارپوریشنوں اور بلدیات کے انتخابات کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 2019 کی ووٹر لسٹ کو بنیاد بنایا جائے گا۔ریاستی الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں میونسپل محکمہ کے سینئر عہدیداروں کے علاوہ مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسی دوران ضلعی کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے 2019 کی ووٹر فہرست ہی استعمال کی جائے گی۔ کمیشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ حتمی ووٹر لسٹ 16 جنوری کو شائع کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں کی ابتدائی تفصیلات 13 جنوری تک جاری کی جائیں گی، جبکہ پولنگ اسٹیشنوں سے متعلق مکمل معلومات ٹی-پول ایپ پر بھی اپ لوڈ کی جائیں گی تاکہ عوام کو آسانی ہو۔ ووٹر معلومات کی درستگی کے لیے بوتھ لیول آفیسرز(BLOs) کوپولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کی تفصیلات کی تصدیق کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی ووٹروں کو آن لائن رجسٹریشن اور تفصیلات میں ترمیم کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ریاستی الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران نگرانی کے لیے فلائنگ اسکواڈ ٹیمیں (FST) اور اسٹیٹک سرویلنس ٹیمیں (SST) تشکیل دینے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔کمیشن نے واضح کیا کہ ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا ضروری ہے۔اعتراضات اور دعوے 12 جنوری تک قبول کیے جائیں گے، جبکہ ان کی جانچ کا عمل 13جنوری سے شروع ہوگا۔ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد حتمی ووٹر لسٹ 16 جنوری کو جاری کی جائے گی۔2019 کی ووٹر لسٹ کے استعمال اورطے شدہ شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی تلنگانہ کے بلدیاتی انتخابات ایک اہم مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں،جس کےلیے انتظامیہ نے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق