
نئی دہلی، 8 جنوری (ہ س): اروناچل پردیش کے طلباء کے ایک گروپ نے، جو قومی یکجہتی کے دورے کا حصہ تھے، جمعرات کو راشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے رسمی ملاقات کی۔
راشٹرپتی بھون کے مطابق صدر مرمو نے اس موقع پر طلباء سے بات چیت کی اور ان کے تجربات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل انٹیگریشن ٹور جیسے پروگرام ملک کے مختلف حصوں کے نوجوانوں کو ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور طرز زندگی کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں جس سے قومی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو تقویت ملتی ہے۔
صدر جمہوریہ نے طلباء کو تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط، حب الوطنی اور سماجی ذمہ داری کی اقدار کو اپنانے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اس طرح کی سیر نوجوانوں کی شخصیت کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ دورے کے دوران طلباء نے صدر جمہوریہ کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی