
نئی دہلی ،08جنوری (ہ س ) ۔
: پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) نے پنجاب پولیس کی جانب سے بھٹنڈہ کے تین صحافیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے من مانا اقدام اور صحافت کو دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔
پی سی آئی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ صحافی منندر جیت سدھو، منٹو گرسرِیا اور مندیپ سنگھ نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق خبر ایک آر ٹی آئی درخواست کی بنیاد پر شائع کی تھی، جو مانک گوئل نے داخل کی تھی۔
چنڈی گڑھ پریس کلب کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ عوامی فنڈز اور طرزِ حکمرانی سے متعلق امور پر رپورٹنگ صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اگر حکومت کو خبروں کے مندرجات پر اعتراض ہے تو اس کے لیے دیوانی قوانین کے تحت راستے موجود ہیں، فوجداری مقدمات درج کرنا درست نہیں۔
پریس کلب آف انڈیا نے ایف آئی آر کو میڈیا کو ڈرانے اور خاموش کرانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 19(1)(الف) کے منافی ہے۔ کلب نے پنجاب حکومت اور پنجاب پولیس سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے خلاف درج مقدمات فوری طور پر واپس لیے جائیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais