
حیدرآباد، 8 ۔ جنوری (ہ س)۔ آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات کے دوران نائیڈو نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں ایک خصوصی بل پیش کرکے امراوتی کو آندھرا پردیش کے دارالحکومت کے طور پر قانونی اور آئینی درجہ دیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی طویل مدتی ترقی، استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے یہ قدم انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ نے مرکزی اسکیم وِکست بھارت۔روزگار گیارنٹی اور روزی روٹی مشن (دیہی) کے مالیاتی ڈھانچہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مرکز اور ریاست کے درمیان فنڈس کی فراہمی کا نیا تناسب 60:40 آندھرا پردیش پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے جس سے اسکیم پر عمل درآمد متاثر ہو سکتا ہے۔ریاست کی موجودہ مالی صورتحال کے پیش نظر انہوں نے مرکزی وزیر سے متبادل مالی مدد اور نرمی کی درخواست کی۔ نائیڈو نے مالی مشکلات سے نمٹنے اب تک ملنے والے مرکزی تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی طرح کے تعاون کی اپیل کی۔
یہ ملاقات یکم فروری کو پیش ہونے والے مرکزی بجٹ 2026 سے عین قبل ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق، تلگو دیشم پارٹی کے سربراہ، جو کہ این ڈی اے کے ایک اہم حلیف ہیں نے بجٹ میں ریاست کے لئے خصوصی مراعات اور جاری ترقیاتی منصوبوں جیسے کہ پولاورم پراجکٹ کے لئے بھرپور مدد کی خواہش ظاہر کی ہے۔ملاقات میں ریاست کے فلاحی پروگراموں اور حالیہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیت شاہ سے ملاقات کے فوراً بعد وزیراعلیٰ آندھرا پردیش کے لیے روانہ ہو گئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق