
دھار، 8 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دھار ضلع میں بینک بھرتی کے عمل آئی بی پی ایس کلرک امتحان میں دھوکہ دہی کا انکشاف ہوا ہے۔ برسوں تک منصوبہ بند طریقے سے دوسرے شخص کو امتحان میں بیٹھا کر بینک کی نوکری حاصل کی جا رہی تھی۔ اس منظم گھوٹالے کا پردہ فاش بایومیٹرک ویری فکیشن کے دوران ہوا، جس کے بعد ایک بینک افسر اور ایک کلرک کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ فرضی طریقے سے نوکری حاصل کرنے والا ایک کلرک فی الحال فرار ہے۔ جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔ معاملے میں جمعرات کو دھار شہر کے نوگاؤں میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، فریادی بینک آف انڈیا دھار کے ڈپٹی زونل منیجر ارون کمار جین نے تحریری شکایت میں بتایا کہ سال 2022 اور 2024 میں آئی بی پی ایس کلرک بھرتی امتحان کے ذریعے پنکج مینا اور راکیش مینا کی تقرری ہوئی تھی۔ دونوں بالترتیب بینک آف انڈیا کی انجڑ (بڑوانی) اور بانگڑدا (کھرگون) شاخ میں تعینات تھے۔ دونوں ملازمین کو 6 جنوری کو زونل دفتر دھار میں بایومیٹرک ویری فکیشن کے لیے بلایا گیا تھا۔ ویری فکیشن کے دوران پنکج مینا کی جگہ ایک دیگر نوجوان حاضر ہوا، جس کی شکل بینک ریکارڈ میں درج فوٹو سے میل نہیں کھا رہی تھی۔ شک ہونے پر جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے پہلے خود کو پنکج مینا بتایا، لیکن بعد میں دفتر سے بھاگنے کی کوشش کی۔ اسے پکڑ کر پوچھ گچھ کرنے پر اس نے اپنا اصلی نام شبھم گپتا، رہائشی سرسا (ہریانہ) بتایا۔
جانچ میں سامنے آیا کہ شبھم گپتا ایس بی آئی، حصار میں بینک منیجر کے عہدے پر تعینات ہے۔ اس نے تسلیم کیا کہ اس نے پنکج مینا اور راکیش مینا کے نام سے درخواست فارموں میں فوٹو ایڈیٹنگ کر کے خود امتحان دیا تھا۔ اسی طرح ڈمی کینڈیڈیٹ کے ذریعے کلرک کے عہدے پر تقرری دلائی گئی۔ شبھم کے بیان کی بنیاد پر بینک افسران نے کلرک راکیش مینا کو بھی دھار بلایا، لیکن وہ بھی بایومیٹرک جانچ میں فرضی پایا گیا۔ اس کے بعد تھانہ نوگاوں پولیس نے شبھم گپتا اور راکیش مینا کو گرفتار کر لیا۔
نوگاوں تھانہ انچارج ہیرو سنگھ راوت نے جمعرات کو بتایا کہ پوچھ گچھ میں ملزمان نے یہ قبول کیا کہ وہ اپنے ساتھی روکام مینا (رہائشی کرولی، راجستھان) کے ساتھ مل کر سال 22-2021 سے یہ گروہ چلا رہے تھے۔ وہ دوسرے امیدواروں کے نام پر درخواست کرتے، فوٹو ایڈیٹنگ کر کے کسی دیگر شخص سے امتحان دلواتے اور انتخاب ہونے پر 6 سے 8 لاکھ روپے تک کی رقم وصولتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس گروہ سے جڑے کچھ لوگ فی الحال بینک میں اسسٹنٹ منیجر اور کلرک جیسے عہدوں پر تعینات ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے موبائل فون اور اہم دستاویزات ضبط کیے گئے ہیں۔ دونوں کو عدالت میں پیش کر کے پولیس ریمانڈ پر لیا گیا ہے، جبکہ مفرور ملزم پنکج مینا کی تلاش جاری ہے۔ دیگر ملزمان پر بھی جانچ کر کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن