
جموں, 04 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 فروری سے طلب کر لیا ہے، جس کا آغاز صبح 10 بجے ایوان سے ان کے خطاب سے ہوگا۔ ماہِ رمضان کے پیش نظر حکومت نے بجٹ اجلاس کو معمول سے پہلے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کیونکہ رمضان المبارک کا آغاز 20 فروری کے آس پاس متوقع ہے اور یہ 21 مارچ تک جاری رہے گا، جبکہ عیدالفطر بھی اسی مدت میں متوقع ہے۔ حکومت نے رمضان کے دوران اجلاس میں وقفہ دینے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد ہوگا۔ بجٹ کو رمضان کے آغاز سے قبل منظور کر لیا جائے گا، جبکہ بقیہ سرکاری امور، جن میں حکومتی بل، نجی اراکین کی قراردادیں اور نجی بل شامل ہیں، عید کے بعد زیر غور آئیں گے۔اسمبلی کے طلب کیے جانے کے فوراً بعد، اسمبلی سکریٹری منوج کمار پنڈت نے بلیٹن جاری کرتے ہوئے اراکین اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ 12 جنوری تک زیادہ سے زیادہ 10 سوالات جمع کروائیں۔ اس کے علاوہ ہر رکن اسمبلی 15 جنوری تک دو نجی بل اور 17 جنوری تک چار قراردادیں پیش کر سکتا ہے۔
اسپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم رادر آئندہ چند روز میں اجلاس کا تفصیلی کیلنڈر جاری کریں گے، جس میں بجٹ کی پیشی کی تاریخ اور ایوان کے دیگر امور شامل ہوں گے۔
یہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا قانون ساز اسمبلی سے تیسرا خطاب ہوگا۔ اس سے قبل انہوں نے 4 نومبر 2024 کو سری نگر میں منعقدہ مختصر اجلاس اور 3 مارچ 2025 کو حکومت کے پہلے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان سے خطاب کیا تھا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اس اجلاس کے دوران مالی سال 2026-27 کا بجٹ پیش کریں گے۔ اس حوالے سے مرکزی وزارتِ خزانہ سمیت مختلف سطحوں پر مشاورت جاری ہے، جبکہ محکمہ خزانہ نے مختلف محکموں کے ساتھ بجٹ سے متعلق اجلاس بھی شروع کر دیے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بجٹ اجلاس رمضان کے دوران منعقد ہونے پر متعدد اراکین اسمبلی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، جس کے پیش نظر حکومت نے اس بار اجلاس کو تقریباً ایک ماہ قبل منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر