
نئی دہلی، 3 جنوری (ہ س)۔
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھ کر ایران میں زیر تعلیم ہندوستانی میڈیکل طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
خط میں چِب نے کہا کہ ایران میں حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں اور ایسے وقت میں ہندوستانی طلباء کی حفاظت کو غیر یقینی نہیں چھوڑا جا سکتا۔ چب نے حکومت سے فوری مداخلت کرنے اور طلباء کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے ہر ہندوستانی طالب علم کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ایران میں ہندوستانی میڈیکل طلباء کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔
اس سے قبل آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (اے آئی ایم ایس اے) نے وزیر خارجہ جے شنکر کو ایک خط لکھا تھا، جس میں ایران میں زیر تعلیم تقریباً 3000 ہندوستانی طلباءکی حفاظت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ کئی شہروں میں بدامنی اور پرتشدد مظاہروں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے طلباء اور ان کے اہل خانہ میں خوف کا ماحول ہے۔ اپنے خط میں جموں و کشمیر یونٹ کے نائب صدر محمد مومن خان نے لکھا ہے کہ صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور ہندوستانی طلباء کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران میں معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آ گئی ہے۔ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ اس سے قبل جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھ کر ایران میں مقیم ہندوستانی طلباء خصوصاً وادی سے تعلق رکھنے والے طلباءکی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ