ایل جی لداخ نے لداخ اسپورٹس پالیسی کا باضابطہ اجرا کیا
ایل جی لداخ نے لداخ اسپورٹس پالیسی کا باضابطہ اجرا کیا لداخ،03 جنوری (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے چیف سکریٹری آشیش کندرا کی موجودگی میں لداخ اسپورٹس پالیسی کا باضابطہ اجرا کیا، جسے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں کھیلوں کے ہمہ گیر ف
Ladakh


ایل جی لداخ نے لداخ اسپورٹس پالیسی کا باضابطہ اجرا کیا

لداخ،03 جنوری (ہ س)۔

لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے چیف سکریٹری آشیش کندرا کی موجودگی میں لداخ اسپورٹس پالیسی کا باضابطہ اجرا کیا، جسے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے میں کھیلوں کے ہمہ گیر فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اسپورٹس پالیسی کا مقصد محض ایک سرکاری دستاویز متعارف کرانا نہیں بلکہ لداخ کے نوجوانوں کے مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا اور کھیل کے ذریعے خطے کو نئی شناخت دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط، کردار سازی، اجتماعی تعاون اور حوصلہ افزائی کو فروغ دیتے ہیں، جبکہ موجودہ دور میں یہ سماجی ہم آہنگی اور معاشی مواقع کا بھی مؤثر ذریعہ بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لداخ کے جغرافیائی اور موسمی حالات یہاں کے نوجوانوں کو فطری طور پر مضبوط، باہمت اور پُرعزم بناتے ہیں، جو کھیلوں کے لیے موزوں خصوصیات ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اطمینان ظاہر کیا کہ یونین ٹیریٹری بننے کے بعد لداخ میں کھیلوں کو ترجیح دی گئی، جس کے مثبت نتائج قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔ کویندر گپتا نے بتایا کہ اسپورٹس پالیسی اسکولی سطح سے لے کر اعلیٰ درجے کے کھیلوں تک ایک منظم لائحہ عمل فراہم کرتی ہے، جو ’اسکاؤٹ، سہولت اور پہچان‘ کے اصول پر مبنی ہے۔ اس کے تحت صلاحیتوں کی ابتدائی نشاندہی، معیاری انفراسٹرکچر اور کوچنگ کی فراہمی، اور نمایاں کارکردگی کو مناسب اعتراف دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی میں شمولیتی نقطۂ نظر اپنایا گیا ہے، جس کے تحت تمام بچوں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ خواتین کھلاڑیوں اور پیرا ایتھلیٹس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل صحت مند طرزِ زندگی، ذہنی فلاح، سماجی ہم آہنگی اور منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پالیسی کے تحت لداخ اسپورٹس کونسل کے قیام کی بھی تجویز ہے، جو کھیلوں کی مربوط ترقی کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچہ فراہم کرے گی اور اسپورٹس انجمنوں کے ساتھ مل کر انفراسٹرکچر، کوچنگ، مالی معاونت اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر کام کرے گی۔ اس کے علاوہ نمایاں کھلاڑیوں کے لیے سرکاری نوکریوں میں چار فیصد ریزرویشن، وظائف، اعزازات اور نقد انعامات جیسی سہولتیں بھی شامل کی گئی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ لداخ میں اس ماہ کھیلو انڈیا ونٹر گیمز کے چھٹے ایڈیشن کی میزبانی خطے کے لیے باعثِ فخر ہے، جو لداخ کی اسپورٹس صلاحیتوں اور مہمان نوازی کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کھیل سیاحت کے امکانات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لداخ کا قدرتی ماحول سرمائی کھیلوں اور ایڈونچر اسپورٹس کے فروغ کے لیے بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری آشیش کندرا نے اسپورٹس پالیسی کے اجرا کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ انتظامیہ کھلاڑیوں کی ہمہ جہت معاونت کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں، اسپورٹس انجمنوں اور مقامی برادریوں کے باہمی اشتراک سے کھیلوں کے ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

اس سے قبل سکریٹری یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس موسس کنزنگ نے پالیسی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد اسکولی سطح سے ایک مضبوط اسپورٹس کلچر کو فروغ دینا اور لداخ کو قومی و عالمی اسپورٹس نقشے پر نمایاں مقام دلانا ہے۔تقریب میں مختلف اسپورٹس انجمنوں کے نمائندے، ممتاز کھلاڑی اور محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے افسران موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande