
ناسا لمبی پرواز کی تیاری میں، آرٹیمس-2 تاریخ رقم کرے گا
واشنگٹن، 21 جنوری (ہ س)۔ امریکی خلائی ایجنسی ’نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن‘ یعنی ناسا انسان کو زمین کے مدار سے باہر لے جانے کی حتمی تیاری میں مصروف ہے۔ ناسا کے سائنسدانوں کی پوری کوشش ہے کہ آرٹیمس-2 کی لانچنگ فروری کے پہلے ہفتے میں ہو جائے۔ اگر فروری میں یہ ممکن نہیں ہو سکا تو اسے اپریل میں ہر حال میں ہدف پر بھیجا جائے گا۔ ناسا کی سرکاری ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ آرٹیمس-2 خلابازوں کو پہلے سے کہیں زیادہ دور بھیجنے سے بس کچھ ہی ہفتے دور ہے۔
ناسا کے منتظم جیرڈ آئزک مین نے کہا، ’آرٹیمس-2 انسان کی خلائی پرواز کی سمت میں اب تک کا سب سے بڑا قدم ہوگا۔ یہ تاریخی مشن انسان کو زمین سے پہلے سے کہیں زیادہ دور بھیجے گا اور ہمیں چاند پر لوٹنے کے لیے ضروری جانکاری دے گا۔ یہ سب امریکہ کی قیادت میں ہوگا۔‘ انہوں نے کہا کہ آرٹیمس-2 چاند پر ایک مستقل موجودگی بنانے اور امریکیوں کو مریخ پر بھیجنے کی سمت میں پیشرفت کی عکاسی کرتا ہے۔
ناسا کی ویب سائٹ کے مطابق، چاند زمین سے 41,541 میل دور ہے۔ مگر یہ دوری ناسا کے آئندہ مشن آرٹیمس-2 کے لیے محض ایک پڑاو ہے۔ یہ مشن اپولو پروگرام کے بعد پہلی بار انسان کو زمین کے مدار سے باہر، چاند کے چاروں طرف اور اس سے بھی آگے لے جائے گا۔ آرٹیمس-2 کے کمانڈر ریڈ وسمین ہیں۔ ان کے تین معاون ہیں-پائلٹ وکٹر گلوور، مشن اسپیشلسٹ کرسٹینا کوچ اور کینیڈین اسپیس ایجنسی کے جیریمی ہینسن۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن