
جموں و کشمیر پولیس نے قتل کے معاملے میں ایم پی کے باشندے کو گرفتار کیا
جموں، 21 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر پولیس نے ضلع سانبہ میں معاوضے کی رقم ہتھیانے کی نیت سے اپنے دوست کے بہیمانہ قتل کے معاملے میں مدھیہ پردیش کے ایک باشندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مقتول کی شناخت جیون اہروار کے طور پر ہوئی ہے، جو مدھیہ پردیش کے ضلع چھترپور کی بیجوار تحصیل کا رہائشی تھا۔پولیس کے مطابق جیون اہروار کی مسخ شدہ لاش 7 جنوری کو سانبہ کے بڑی برہمنہ علاقے سے برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد اس ضمن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ وسیع پیمانے پر کی گئی تفتیش اور کوششوں کے بعد مرکزی ملزم انل کمار، سکنہ بنی گنج گاؤں (ضلع چھترپور، مدھیہ پردیش)، کو جموں کے چنی ہمت علاقے میں واقع اس کی کرایہ کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس نے مقتول کو پہلے گلا گھونٹ کر قتل کیا اور بعد ازاں شناخت مٹانے کے لیے اس کے چہرے پر پتھر سے وار کیا۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ مقتول کو مدھیہ پردیش حکومت کی جانب سے مکان اور زمین کے عوض تقریباً 13 لاکھ روپے بطور معاوضہ موصول ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزم مقتول کا قریبی دوست تھا اور اسے اس رقم کی مکمل جانکاری تھی، جسے ہتھیانے کی نیت سے اس نے قتل کی واردات انجام دی۔ قتل کے بعد ملزم نے مقتول کے چوری شدہ اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے اس کے بینک کھاتے سے 55 ہزار روپے نکلوائے۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے مقتول کے تین موبائل فون، ایک اے ٹی ایم کارڈ اور ایک ریمیٹ کارڈ برآمد کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ 14 ہزار 400 روپے نقدی بھی ضبط کی گئی ہے، جبکہ باقی رقم ملزم کے بینک کھاتے میں جمع پائی گئی ہے۔ پولیس نے متعلقہ بینک کو مطلع کرتے ہوئے بقیہ رقم محفوظ کرنے کے لیے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر