
پٹنہ، 2 جنوری (ہ س) ۔بہار میں نئے سال کی شروعات شدید ٹھنڈ، گھنے کہرے اور برفیلی ہوا ؤ کے ساتھ ہوئی ہے۔ کپکپی ٹھنڈ نے معمولات زندگی کو مکمل طور پر درہم برہم کر دیا ہے۔ پٹنہ موسمیاتی مرکز نے جمعہ کے روز ریاست کے 38 اضلاع میں دھند اورشدید سرد دن کو لے کر اورنج الرٹ جاری کیاہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جنوری تک سردی سے راحت ملنے کا کوئی امکان نہیں، آئندہ دنوں میں کئی اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔ جنوری کے پورے مہینے کی پیشن گوئی میں مغربی اور مشرقی چمپارن سے گیا، اورنگ آباد، نوادہ اور جہان آباد تک سردی کی لہر جاری رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔جنوبی بہار میں سرد مغربی ہوائیں چلنے کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔ جمعرات کو بیشتر اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت گر گیا، جس سے سردی میں اضافہ ہوا۔ ریاست بھر کے 20 اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سیلسیس سے نیچے گر گیا۔ جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں معمولی اضافے سے جنوبی بہار کے کچھ حصوں میں دن کے وقت کچھ راحت ملی، وہیں شمالی بہار میں دن بھر گھنے دھند چھائی رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق چھپرہ اور مدھوبنی شدید سردی کی زد میں ہیں، جب کہ بھاگلپور، مظفر پور، اور سمستی پور سردی کی زد میں ہیں۔ جہان آباد، بیگوسرائے، بھاگلپور اور کھگڑیا میں صورتحال اور بھی سنگین تھی، جہاں گھنے دھند کی وجہ سے حد نگاہ 10 میٹر سے بھی کم ہوگئی۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق بھاگلپور میں حد نگاہ صرف 20 میٹر تک گر گئی جبکہ سیوان کے جیراڈی میں ریاست کا سب سے کم درجہ حرارت 5.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ سردی اور دھند نے سڑک، ریل اور ہوائی ٹریفک کو بھی متاثر کیا، لوگوں کو الاؤ اور گرم لباس کا سہارا لینے پر مجبور ہونا پڑا۔محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صبح اور رات تک گھر سے باہر نہ نکلیں جب تک کہ بالکل ضروری نہ ہو، بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں اور سردی سے بچاؤ کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan