
جموں, 19 جنوری (ہ س)۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ضلع راجوری کے گاؤں کلال میں ویلیج ڈیفنس کمیٹی (وی ڈی سی) کے ایک رکن نے مشتبہ نقل و حرکت دیکھنے کے بعد ہوائی فائرنگ کی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
حکام کے مطابق نوشہرہ کے کلال گاؤں سے تعلق رکھنے والے وی ڈی سی کے ایک رکن نے اپنے مکان کے قریب مشتبہ سرگرمی محسوس کی، جس پر اس نے بطور انتباہ چند فائر ہوا میں کیے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق وی ڈی سی رکن نے اپنے گھر کے آس پاس مشتبہ نقل و حرکت دیکھی تھی، جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طور پر ہوائی فائرنگ کی گئی۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر