
جموں, 18 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بی ایم سی انتخابات میں کامیابی کے بعد بی جے پی پر زور دیا ہے کہ وہ ممبئی کے عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی اپنی بڑی ذمہ داری نبھائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے ہیں اور ہر انتخاب میں کوئی جیتتا ہے تو کوئی ہارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار بی جے پی نے سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں، اس لیے اب یہ انہی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ممبئی کے شہریوں کی توقعات پر پورا اتریں۔
انہوں نے ممبئی میں اپنے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود تین سال تک ممبئی میں مقیم رہے ہیں اور اس دوران شہر میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملی ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ اس وقت یہ تصور بھی ممکن نہیں تھا کہ کوسٹل روڈ جیسا بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ تعمیر ہو سکے گا، مگر آج یہ حقیقت بن چکا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر ممبئی میں اسی طرز کے مزید ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں تو اس سے شہر کے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر