
جموں, 18 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آج نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، بلند مقاصد طے کریں اور مکمل حوصلے اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ انہیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل نوجوانوں کا منتظر ہے، اس لیے وہ ایک روشن اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے لیے عہد کریں اور لگن کے ساتھ کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر سانبہ ضلع کے گُڑھا سلاتھیا میں گائیڈنس اینڈ کیریئر کونسلنگ سیل فار یوتھ ڈیولپمنٹ کی ساتویں سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کو سماجی تبدیلی کے معمار بننے اور ’وکست بھارت‘کے وژن میں بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔
منوج سنہا نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کو بدلنے والے افراد نے غیر معمولی حالات کا انتظار نہیں کیا بلکہ غیر معمولی سوچ کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنایا ہے۔ نوجوان صرف آنے والے کل کی امید نہیں بلکہ آج کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ ریاستی خطے اور ملک کے لیے بڑے خواب دیکھیں اور محنت، صبر اور حوصلے کے ذریعے ترقی یافتہ معاشرے کی راہیں ہموار کریں۔انہوں نے کہا کہ جو نوجوان روزانہ اپنے خوابوں کی سمت چھوٹے قدم اٹھاتے ہیں، وہی کل بڑی تبدیلی کے رہنما بنتے ہیں۔ صرف وہی لوگ تاریخ رقم کرتے ہیں جو اپنی صلاحیتوں پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اختراع اور کاروباریت کو معاشرتی ترقی کی کنجی قرار دیتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نئے خیالات کو اپنائیں، مسائل کے حل تلاش کریں اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کریں تاکہ معاشی بااختیاری کو فروغ مل سکے۔انہوں نے حالیہ قدرتی آفات سے متاثرہ خاندانوں کی مکمل بازآبادکاری کے لیے حکومت ہند اور جموں و کشمیر انتظامیہ کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے بتایا کہ یوٹی انتظامیہ کی درخواست پر حکومت ہند نے جموں و کشمیر میں متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ عوامی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو اور آفات سے بچاؤ کے اقدامات کے لیے 1437 کروڑ روپے کی منظوری دی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ ریلوے پلوں کی مرمت تین ماہ کے اندر مکمل کر لی جائے گی جبکہ قومی شاہراہوں کے متاثرہ حصوں کی بحالی کا کام آئندہ چار ماہ میں مکمل ہوگا۔سانبہ کے رکن اسمبلی سرجیت سنگھ سلاتھیا کی جانب سے ریلوے اوور برج کی تعمیر کے مطالبے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے کو ریلوے حکام کے ساتھ اٹھا کر جلد حل کرایا جائے گا۔ انہوں نے علاقے میں ایک تالاب کی تعمیر کے لیے نوجوانوں اور سماجی تنظیموں کے رضاکارانہ تعاون کی بھی ہدایت دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے رادھا سوامی ستسنگ بیاس اور ہائی رینج رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی انڈیا کی سماجی خدمات کی ستائش کی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جی سی سی کی کوششوں کو سراہا۔
دورے کے دوران انہوں نے گُڑھا سلاتھیا میں آڈیٹوریم اور گورنمنٹ ہائر اسیکنڈری اسکول کی اپ گریڈیشن کے کاموں کا جائزہ لیا اور حکام کو صفائی ستھرائی اور کھیلوں کی مناسب سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
تقریب میں رکن اسمبلی سانبہ سرجیت سنگھ سلاتھیا، ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بیورو شکتی پاٹھک، ڈی آئی جی جموں سانبہ کٹھوعہ رینج شیو کمار شرما، ڈپٹی کمشنر سانبہ آیوشی سودن، اعلیٰ حکام، جی سی سی کے اراکین اور بڑی تعداد میں نوجوان شریک ہوئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر