
جموں, 18 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں سیکورٹی وجوہات کے پیشِ نظر موبائل فون پر ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے استعمال پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے ایک خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق مینا شرما زوجہ موہن لال، سکنہ پالنو، مجالتہ کے خلاف مجالتہ پولیس اسٹیشن میں بی این ایس کی متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے 3 جنوری کو جاری حکم نامے کے تحت ضلع میں وی پی این سروسز کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کی مبینہ خلاف ورزی پائی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ جانچ کے دوران مینا شرما کے موبائل فون نمبر پر وی پی این سروس کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وی پی این اور دیگر ممنوعہ ایپس کے استعمال سے گریز کریں اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات کی مکمل پابندی کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر