
جموں, 18 جنوری (ہ س)۔
جموں کے نگروٹہ علاقے کے جگتی ٹانڈا میں ایک افسوسناک سڑک حادثے میں راہگیر کی جان چلی گئی۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار موٹر سائیکل نے سڑک عبور کرتے ہوئے ایک شخص کو ٹکر مار دی۔پولیس ذرائع کے مطابق، متوفی کی شناخت چُنی لال سکنہ جگتی کے طور پر ہوئی ہے۔حادثہ اتوار کی صبح تقریباً نو بجے پیش آیا جب وہ اپنے گھر سے کسی کام کے سلسلے میں نکلے تھے۔ جیسے ہی وہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جگتی ٹانڈا کے مقام پر سڑک کے دوسری جانب جانے لگے، اسی دوران تیز رفتار موٹر سائیکل نے انہیں شدید ٹکر مار دی، جس کے باعث وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔
زخمی کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے معاملہ درج کر کے موٹر سائیکل کو ضبط کر لیا ہے جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لے لیا اور آمد و رفت بحال کر دی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر