

مرینا، 18 جنوری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے مرینا ضلع کے امباہ نگر میں ہفتہ کی رات ایک خواجہ سرا کے گھر لوٹ کی واردات ہو گئی۔ یہاں 8 سے 10 ہتھیار بند بدمعاش گھر میں گھس آئے اور گھر میں موجود لوگوں کو یرغمال بنا کر 22 تولہ سونا، کیش سمیت کل 30 لاکھ کا سامان لے کر فرار ہو گئے۔
معلومات کے مطابق، امباہ میں رہنے والی خواجہ سرا رابعہ کے گھر پر ہفتہ کی رات تقریباً ڈیڑھ سے 2 بجے کے درمیان یہ واردات ہوئی۔ رابعہ اور اس کے دو ساتھی خواجہ سرا گھر پر موجود تھے۔ بدمعاشوں نے چھت کے راستے گھر میں گھس کر پہلے خواجہ سرا کو ہتھیار کے زور پر ڈرا کر باندھ دیا۔ اس کے بعد کٹر سے گھر کے سبھی تالے کاٹ دیے اور زیورات اور نقدی لوٹ کر لے گئے۔ اس دوران انہوں نے خواجہ سرا کے جسم کی تلاشی بھی لی اور ان سے زیور بھی نکلوائے۔ بدمعاشوں نے گھر میں رکھے 22 تولہ سونے کے زیور، 4 کلو چاندی کے زیور اور تقریباً 4 لاکھ روپے نقد لوٹ لیے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امباہ تھانہ پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔
واردات کے وقت گھر میں چار خواجہ سرا موجود تھے۔ ان میں سربراہ رابعہ، رادھیکا، شری اور ریا خواجہ سرا شامل ہیں۔ رابعہ نے بتایا کہ بدمعاش سیڑھی سے چھت پر چڑھے اور پھر گیس کٹر سے چھت کا دروازہ کاٹا۔ اس کے بعد وہ دوسری منزل سے سیدھے گراونڈ فلور پر پہنچے۔ یہاں انہوں نے تین چیلوں (شاگردوں) پر کٹا (پستول) تان کر انہیں جگایا۔ بدمعاشوں نے خواجہ سرا رادھیکا کو دھمکایا۔ پھر گرو رابعہ کا کمرہ کھلوایا۔ چوروں نے کمرے میں رکھے سونے چاندی کے زیور اور کیش نکال لیے۔ خواجہ سراوں نے جو زیور پہنے تھے، وہ بھی نکلوا لیے۔ ان کے موبائل اور گھر میں لگے سی سی ٹی وی کے ڈی وی آر بھی لے گئے۔
رابعہ نے بتایا کہ سونا چاندی لوٹنے کے بعد بدمعاش ایک ایک کر سبھی چیلوں کو الگ کمرے میں لے گئے، کپڑے اتروائے اور فحش حرکتیں کیں۔ اس دوران بدمعاش بار بار پوچھتے رہے کہ گھر میں کوئی مرد ہے یا نہیں۔ بدمعاشوں میں سے ایک شخص فارسی زبان بول رہا تھا، جس سے خدشہ ہے کہ واردات کے پیچھے کسی واقف کار خواجہ سرا کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ واردات کے بعد صبح قریب 4 بجے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ اس کے بعد پولیس اور صبح مرینا سے ڈاگ اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور موقع معائنہ کر کے معاملے کی جانچ شروع کی۔ پولیس آس پاس اور دیگر علاقوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگال رہی ہے، تاکہ بدمعاشوں کا کوئی سراغ مل سکے۔
امباہ تھانہ انچارج ستیندر سنگھ کشواہا نے بتایا کہ بدمعاشوں کو خواجہ سراوں اور گھر کی پوری جانکاری تھی۔ انہیں معلوم تھا کہ گھر میں کون رہتا ہے، کیسے داخل ہونا ہے اور سی سی ٹی وی کا ڈی وی آر کہاں رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدمعاش ہتھیاروں سے لیس تھے۔ 6 بدمعاش گھر کے اندر گھسے اور واردات کو انجام دیا، جبکہ دو بدمعاش کمروں کی تلاشی لیتے رہے۔ سبھی خواجہ سراوں کو رابعہ خواجہ سرا کے کمرے میں بند کر دیا گیا تھا۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
معاملے کی جانچ کے لیے موقع پر پہنچے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سریندر پال سنگھ ڈاور نے بتایا کہ بائی پاس کے کنارے واقع رابعہ خواجہ سرا کے گھر پر نقاب پوش بدمعاش ہتھیار لے کر پہنچے تھے۔ کٹے کی نوک پر سونا چاندی اور کیش لوٹ کر لے گئے۔ ابتدائی پوچھ گچھ میں معلوم ہوا ہے کہ قریب 8 بدمعاشوں نے یہ واردات کی ہے۔ معاملے کی جانچ سنجیدگی سے کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن